وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ملکی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال کا جائزہ

اجلاس میں افغان مہاجرین کی آڑ میں دہشت گردوں کے پاکستان میں داخلے کی روک تھام کی حکمت عملی پر غور، ذرائع


ویب ڈیسک August 05, 2021
اجلاس میں ملکی سلامتی، سکیورٹی اور افغانستان کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر غور، ذرائع

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سکیورٹی اور افغانستان کی تیزی سے بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزراء سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سلامتی، سیکیورٹی امور اور افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال سمیت بارڈر مینجمنٹ کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کو افغانستان کی موجودہ صورتحال اور اس کے پاکستان پر ممکنہ اثرات، افغان مہاجرین کی متوقع آمد اور مہاجرین کی آڑ میں دہشت گردوں کے پاکستان میں داخلے کی روک تھام کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں بارڈر مینجمنٹ، خطے کی مجموعی صورتحال اور داخلی سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے شرکاء نے عزم دہرایا کہ پاکستان افغان امن عمل میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کسی فوجی طاقت کے استعمال کے بجائے افغان عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ افغانستان کا پرامن حل چاہتا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیر خارجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی بھی قائم کی گئی جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری، وزیر اطلاعات فواد چوہدری شامل ہیں۔

کمیٹی افغانستان کی صورتحال، حکومتی ترجیحات اور اندرونی سیکیورٹی سے متعلق اقدامات تجویز کرے گی جب کہ کمیٹی کا پہلا اجلاس کل صبح 10 بجے وزارت خارجہ میں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |