ویزا توسیع مسترد ہونے سے واضح ہوگیا نواز شریف بیمار نہیں فواد چوہدری

نواز شریف کے پاس اب بھی موقع ہے کہ سفارت خانے سے دستاویزات حاصل کرکے پاکستان آئیں اور عدالتوں کا سامنا کریں


ویب ڈیسک August 05, 2021
نواز شریف کے پاس اب بھی موقع ہے کہ سفارت خانے سے دستاویزات حاصل کرکے پاکستان آئیں اور عدالتوں کا سامنا کریں (فوٹو : فائل)

ISLAMABAD: وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے برطانیہ میں نواز شریف کی ویزا درخواست مسترد ہونے پر کہا ہے کہ یہ بات واضح ہے کہ نواز شریف بیمار نہیں ہیں، انہوں نے جھوٹ بول کر ویزا لیا اور اس ویزے پر وہ برطانیہ میں مقیم تھے۔

فواد حسین چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی حکومت، عوام اور پاکستانی کمیونٹی کا برطانوی حکومت سے مطالبہ تھا کہ ایسے لوگوں کو پناہ نہ دی جائے جو اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہوں، نواز شریف کے پاس آپشن ہے کہ وہ پاکستانی سفارت خانہ جا کر پاسپورٹ کی جگہ عارضی دستاویزات حاصل کر کے پاکستان واپس آئیں اور عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔

یہ پڑھیں : برطانیہ نے نواز شریف کی ویزا توسیع کی درخواست مسترد کردی

انہوں نے کہا کہ دوسری صورت یہ ہے کہ اگر وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل میں جاتے ہیں تو ان کے پاس کوئی گراﺅنڈ موجود نہیں، نواز شریف جس طریقے سے برطانیہ میں گھوم پھر رہے ہیں اور ریستوران میں جا رہے ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بیمار نہیں، ویزا درخواست میں توسیع کے لیے اگر وہ ایک اور جھوٹ بولیں گے تو برطانوی عدالتوں سے انہیں سزا بھی ہو سکتی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی نواز شریف سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، نواز شریف پاکستان سے اربوں روپے لے کر بیرون ملک فرار ہوئے ہیں، وہ پیسہ پاکستان واپس آنا ضروری ہے، نواز شریف ملک واپس آئیں، لوٹی گئی دولت واپس کریں اور یہاں اپنے گھر میں رہیں، دوسری صورت یا تو وہ پیسہ واپس کریں گے یا جیل جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔