راولپنڈی میں بہن کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے 2 بھائی گرفتار

ملزم کی والدہ بھی تمام حقیقت سے آگاہ تھی


Staff Reporter August 06, 2021
ملزم کی والدہ بھی تمام حقیقت سے آگاہ تھی

راولپنڈی میں قتل کی لرزہ خیز واردات پیش آئی جس میں جواں سالہ لڑکی کو سر پر ڈنڈوں کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔

افسوسناک واقعہ تھانہ صدر بیرونی کے علاقے دھمیال گاوٴں کے قریب تربیلا کالونی میں پیش آیا۔ بائیس سالہ نسرین کی لاش کو قتل کرکے بھینسوں کے باڑے میں پھینک دیا گیا۔ پولیس موقع پر پہنچی تو پہلے پہل تو اہل علاقہ اور مقتولہ کے ورثاء نے موقف دینے سے گریز کیا۔

بعدازاں دوران تفتیش نسرین بی بی کا قاتل اپنا ہی بھائی نکلا جس نے اعتراف جرم کرلیا۔ بھائی نے ہمشیرہ کو غیرت کے نام پر ڈنڈے مار کر قتل کیا ۔ کیس میں والدہ اور دو بھائی بھی جرم چھپانے پر ملزم قرار پائے۔ پولیس نے ملزم سمیت تینوں بھائیوں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ قتل کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی ابرار شاہ کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا، حالانکہ مقتولہ کو اس کے بھائی بابر شاہ نے غیرت کے نام پر قتل کیا۔ ملزم نے اقبال جرم کرلیا ہے جبکہ مدعی مقدمہ ابرار شاہ اور تیسرے بھائی صداقت شاہ کو بھی جرم چھپانے اور شواہد مٹانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ملزمان کوقتل کے بارے میں مکمل علم تھاجبکہ والدہ کے خلاف کارروائی کو فی الو وقت بیماری کی وجہ سے التواء میں رکھا جارہا ہے۔ ملزم کی والدہ بھی تمام حقیقت سے آگاہ تھی اور اس کی گرفتاری کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ نسرین بی بی کی والدہ اور بھائیوں نے حقائق چھپانے کی کوشش کی ۔ پولیس نے ملزم سے قتل کے دوران استعمال ہونے والا ڈنڈا بھی برآمد کر لیا۔

پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ قتل کے مقدمہ میں ناقابل راضی نامہ دفعات شامل کرنے کے ساتھ ثبوت مٹانے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں ۔ سی پی او راولپنڈی احسن یونس کا کہنا تھا کہ قتل میں غیرت کا عمل دخل نہیں ہوتا ملزمان کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں