غیر ملکی خفیہ ایجنسی کو حساس معلومات دینے پر سابق فوجی افسر سمیت 9 ملزمان گرفتار

ملزمان کے زیر استعمال الیکٹرانک ڈیوائسز فرانزک کے لیے لیب بھجوا دی گئیں


ویب ڈیسک August 06, 2021
ملزمان کے زیر استعمال الیکٹرانک ڈیوائسز فرانزک کے لیے لیب بھجوا دی گئیں

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر ملکی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹس کو حساس معلومات فراہم کرنے کے مقدمہ میں 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عرفان حمید کیانی سمیت 2 گرفتار ملزمان نے ضمانت کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو عدالت میں اس کیس کا انکشاف ہوا۔ ملزمان کے زیر استعمال الیکٹرانک ڈیوائسز فرانزک کے لیے لیب بھجوا دی گئیں۔

عدالت نے وفاق کی جانب سے ان کیمرا سماعت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10اگست تک جواب طلب کرلیا۔ وفاق نے استدعا کی کہ حساس معلومات جوڈیشل ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں اس لیے سماعت ان کیمرا کی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ ایف آئی اے نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت 18 مئی 2021 کو مقدمہ درج کیا ، ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیرارزم ونگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ، پٹیشنرز ایف آئی آر میں نامزد نہیں لیکن نامزد ملزمان کے بیان پر ہمیں 13 جولائی کو گرفتار کیا گیا، گھر پر چھاپہ مار کر الیکٹرانک ڈیوائسز سمیت 39 آئٹمز قبضے میں لی گئیں ، ملزم صفدر رحمان کے جسمانی ریمانڈ کے دوران دیے گئے بیان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، پٹیشنر کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، بیوی اور وکیل سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں دی گئی، درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار کی عمر 69 سال ہے جس کی پانچ نسلوں نے ملٹری میں خدمات انجام دیں۔

گرفتار ملزمان میں صفدر رحمان، تنزیل الرحمان، محمد وقار ، محمد اشفاق، محمد طاہر، مجتبی حسین، محمد اشرف، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عرفان حمید کیانی اور احمد کیانی بھی شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں