بینک عملے نے کسٹمر کے زیورات جعلی سونے سے تبدیل کردیے

جعلی کسٹمرز کے ذریعے بینک سے کم و بیش 75 کروڑ روپے قرض بھی حاصل کیا گیا

جعلی کسٹمرز کے ذریعے بینک سے کم و بیش 75 کروڑ روپے قرض بھی حاصل کیا گیا۔ فائل فوٹو

کراچی میں بینک عملے نے لاکرز میں رکھے کسٹمر کے زیورات جعلی سونے سے تبدیل کردیے۔

کراچی میں نجی بینک کی گلشن اقبال اور گلستان جوہر برانچز میں اپنی نوعیت کی منفرد وارداتیں رونما ہوئیں، برانچ مینجرز نے عملے کے دیگر ارکان کے ساتھ مل کر لاکرز میں رکھے کسٹمرز کے اصل سونے کے زیورات جعلی سونے سے تبدیل کردیے، اسی سونے اور جعلی کسٹمرز کے ذریعے بینک سے کم و بیش 75 کروڑ روپے قرض بھی حاصل کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق واردات کا انکشاف اس وقت ہوا جب 2 اگست کو بینک کے آڈٹ افسران نے برانچ میں روٹین کا آڈٹ کیا جس کے دوران برانچ کے لاکر میں رکھے سیل شدہ بیگز میں سے پچاس بیگز چیک کیے تو بیگز میں موجود زیورات نقلی پائے گئے، آڈٹ افسران نے فوری طور پر ہیڈ آفس کو مطلع کیا جس کے بعد اگلے ہی روز دوبارہ علیحدہ آڈٹ ٹیم بھیجی گئی جس نے برانچ میں موجود ڈیڑھ سو بیگز کو چیک کیا تو مزید زیورات آرٹیفیشل پائے گئے جب کہ مزید بیگز کو بھی چیک کیا جارہا ہے۔


ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے بینک کے 28 کلائنٹس نے سونے کے زیورات رکھوا کر 55 کروڑ روپے کا قرض حاصل کیا، پولیس نے خاتون مینجر سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اسی طرح کا ایک اور واقعہ گلشن اقبال میں بیت المکرم کے قریب قائم مذکورہ بینک کی برانچ میں بھی پیش آیا، واردات کا انکشاف 4 اگست کو آڈٹ کے دوران ہوا، آڈٹ کے دوران بینک کے لاکر میں موجود سونے کے زیورات کے سیل شدہ بیگ چیک کیے گئے تو بیگز میں موجود زیورات اور سونا جعلی پائے گئے۔

ایس آئی او انسپکٹر فاروق اعظم کا کہنا ہے کہ پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب گلشن اقبال بلاک فائیو اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے برانچ مینجر آغا منصور، محمد سلیم، کامران اور جعلی کلائنٹ عائشہ مرزا کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک پراڈو اور ایک سٹی کار بھی برآمد کرلی ہے، کیس کی مزید تحقیقات جاری ہے جس میں مزید کئی اہم انکشافات متوقع ہیں۔

علاوہ ازیں ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ ایس پی الطاف حسین نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 3 کلو 100 گرام سونا، 20 لاکھ 30 ہزارکیش اور 4 لگژری گاڑیاں بھی برآمد کرلیں، ملزمان سے برآمد کیے گئے سونے کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔
Load Next Story