74واں جشن آزادی فنکاروں کی تیاریاں بھی عروج پکڑنے لگیں

خصوصی ترانوں کی ریکارڈنگ ، سبز لباس، قومی پرچموں کا اہتمام ہونے لگا۔


Mian Asghar Saleemi August 08, 2021
خصوصی ترانوں کی ریکارڈنگ ، سبز لباس، قومی پرچموں کا اہتمام ہونے لگا۔ فوٹو: فائل

زندہ قومیں اپنا جشن آزادی جوش وخروش کے ساتھ مناتی ہیں،اگست کا دوسرا ہفتہ شروع ہوتے ہی ملک بھر میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

شہر کے گلی کوچوں، محلوں، شاہراہوں، عمارتوں اور دیگر مقامات کوخوبصورتی سے سجایا جارہا ہے، بچوں، نوجوانوں اور خواتین میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے، شہریوں کی بڑی تعداد جھنڈے، جھنڈیاں، بیجز، سبز رنگ کی شرٹس اور دیگر چیزیں خریدنے میں مصروف ہے جبکہ بازاروں میں شہریوں کا رش بھی خاصا د کھائی دینے لگا ہے۔ کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور کے بازاروں میں ہر طرف سبز رنگ ہی نمایاں ہے۔

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے میں شوبز شخصیات کا اہم کردا ر رہا ہے اور پوری قوم کے ساتھ ساتھ ہمارے شوبز سٹارز بھی پاکستان کی آزادی کے 74 سال مکمل ہونے کی بھر پور طریقے سے تیاریاں کر رہے ہیں، اپنے گھروں پر قومی پرچم لگا رہے ہیں،سبز رنگ کے کپڑے سلا رہے ہیں، گلوکار حضرات جشن آزادی کی مناسبت سے ملی نغمے ریکارڈ کروانے میں مصروف ہیں۔

ملک کے نامور گلوکا ر ساحر علی بگا اور گلوکارہ علینا شیخ نے یوم پاکستان کے حوالے سے نیا قومی گیت جیوے پاکستان مکمل کر لیا ہے جسے جلد ہی ریلیز کیا جائے گا، اس حوالے سے گلوکارہ علینا شیخ کا کہنا ہے کہ یوم پاکستان کے حوالے سے تیار کئے گئے گیت کی شاعری بہت اچھی ہے اور بہت محنت سے پیش کرنے کی کوشش کی ہے، امید ہے کہ سننے والے اس کو بہت زیادہ پسند کریں گے۔ ان کے مطابق ساحر علی بگا پاکستان کا فخر ہیں اور جس طرح ان کا گیت پاکستان زندہ باد کامیابی سے ہمکنار ہوا اس گیت کو بھی یادگار مقبولیت حاصل ہوگی۔

گلوکارہ نے کہا کہ ساحر علی کیساتھ پرفارمنس باعث فخر ہے ہمیشہ معیاری گلوکاری کرنے کی کوشش کی ہے اسی لئے بہت جلد شہرت اپنے نام کی۔ اسی طرح الحمرا سمیت دوسرے سنٹرز پرجشن آزادی کے پروگرامز کرنے کے لئے تیاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔کورونا وائرس کی وجہ سے فلمی شوٹنگ کا سلسلہ بند تھا،خدا خدا کر کے یہ جمود بھی ٹوٹنے لگا ہے اور فلموں کی شوٹنگ کا بند سلسلہ دوبارہ سے بحال ہونے لگا ہے۔

5 اگست کی رات ایورنیو سٹوڈیو میں 'دی روڈ ''فلم کی شوٹنگ ہوئی جس میں معمر رانا ، شفقت چیمہ سمیت متعدد بڑے فنکاروں نے ایکٹنگ کے خوب جوہر دکھائے، اس فلم کا موضوع جہاں دنیا کو سی پیک کی اہمیت اور افادیت کے حوالے سے آگاہی دینا ہے وہیں کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے ظلم وستم کا پردہ بھی چاک کرنا ہے، اس فلم میں نامور اداکار معمر رانامیجر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلم کے پروڈیوسر ڈاکٹر فیاض رائے کے مطابق ملک وقوم کے جذبے سے بھر پور اس فلم کا گانا 14 اگست کو ریلیز کیا جائے گا، ان کے مطابق ہم آج جوکچھ بھی ہیں، اس ملک کی بدولت ہیں ، اس ملک کی آن بان اور شان کے لئے ہمارا تن، من دھن سب کچھ حاضر ہے۔

اس سے قبل لاہور ہی کے ایک نوجوان صاحب احمد نے اپنی شارٹ فلم کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ پروڈیوسر اور ایکٹر صاحب احمد کی کورونا پر بننے والی فلم"مختارا" ہالی وڈ فلم فیسٹیول سٹالن کے لیے نامزد ہوئی ہے،فلم کی کاسٹ میں نئی اداکارہ ثمن شیخ، عباس رائے، جاوید اقبال اور صاحب احمد شامل ہیں،مقابلے میں دنیا بھر کے120 ملکوں میں ساڑھے 7 سو سے زائد فلموں نے حصہ لیا جس میں سے 84فلموں کا انتخاب کیا جبکہ شارٹ فلموں میں سے صرف چار فلمیں منتخب ہوئیں جن میں ایک کینیڈا، دو بھارت جبکہ ایک پاکستانی فلم مختارا شامل ہے۔

ایوارڈ تقریب 12اگست کو امریکہ میں منعقد ہوگی، کسی بھی پاکستانی فلم کا ہالی ووڈ ایوارڈ کے لئے نامزد ہونا کسی بڑے کارنامے سے کم نہیں،اس بڑی کامیابی سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی فنکار کسی بھی طرح دنیا کے دوسرے فنکاروں سے کم نہیں ہیں۔ اگر پاکستانی فلم ایوارڈ بھی جیتنے میں کامیاب رہتی ہے تو یہ پاکستان کے لئے ایک اور اعزاز کی بات ہوگی۔

زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات کی طرح فنکار برادری بھی یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لئے پرعزم ہے، فنکاروں کے مطابق وہ ہر سال جشن آزادی جوش وخروش کے ساتھ مناتے ہیں، اس بار بھی ان کی تیاریاں زبردست ہیں اور وہ بھر پور طریقے سے جشن آزادی منائیں گے۔

اداکاروں کا کہنا ہے وہ آج جس مقام پر بھی ہیں، اس ملک کی بدولت ہیں، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور ان کے جانثار ساتھیوں کا شکریہ جن کی انتھک کاوشوں اور کوششوں سے پاکستان14اگست 1947ء کو معرض وجود میں آیا، خوشی کے اس موقع پر ہمیں لاکھوں مہاجرین کی قربا نیوں کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیے اور تجدید عہد کرنا چاہیے کہ آنے والے وقت میں ہم اس ملک کو خوب سے خوب تر بنائیں گے اور اس ملک کی ترقی وخوشحالی اور آن بان شان کے لئے بڑی سے بڑی قربانی بھی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔

شاہد، شفقت چیمہ، فیصل قریشی ،عارف لوہار، راحت فتح علی خان، راشد محمود، ماہرہ خان، ریما، نور، صاحبہ، حمیرا ارشد، دعا قریشی، عزرا آفتاب سمیت و دیگر فنکاروں کا کہنا ہے کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم ایک آزاد ملک میں پیدا ہوئے اور اپنی مرضی سے یہاں رہتے ہیں، خوشی کے اس موقع پر ہمیں یہ ہر گز بھی نہیں بھولنا چاہیے کہ کشمیری عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، وہاں پر لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوج کشمیری ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر بدترین تشدد کرنے میں مصروف ہے، کشمیری نوجوانوں کو بے دردی کے ساتھ قتل کیا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور مسئلہ کشمیر کا پْرامن حل نکالا جانا چاہیے۔

پاکستان فلم انڈسٹری کا مشہور و معروف نام شان شاہد جن کی اداکاری کی صلاحیتوں کے علاوہ لوگ ان کی حب الوطنی سے بھی خوب واقف ہیں، وطن سے محب اور ہمیشہ وطن کے دفاع میں بات کرنا شان کی ہمیشہ سے پہچان رہا ہے،انہوں نے نہ صرف جشن آزادی جوش وخروش سے منانے کے لئے تیاریاں شروع کر دی ہیں بلکہ قوم سے بھی جشن آزادی بھر پور انداز میں منانے کی درخواست کی ہے۔

اداکار ریشم کے مطابق اللہ ہمارے پیارے وطن پاکستان کی ہمیشہ حفاظت فرما ئے کیوں کہ یہ ہمارا گھر اور ہمارا فخر ہے،سٹار فلمی اداکار غلام محی الدین کی رائے میں ہم آزاد ہیں، آزاد تھے اور آزاد ر رہیں گے، میری دعاہے کہ ہم سبز اور سفید پرچم پاکستان کی محبت میں متحد ہو جائیں۔ نامورہدایتکار سید نور کے مطابق میرا پیار، میرا جذبہ پاکستان کے لئے ہے، دعا ہے کہ ہم ہمیشہ اس ہرے اور سفید رنگ کے جھنڈے کی محبت میں ایک رہیں۔اداکار عبیر کے مطابق میں روزانہ اس بات کا حلف لیتا ہوں کہ پاکستان کا دفاع اور اس سے ہمیشہ محبت کروں گا۔

فنکاروں کے مطابق خوشی کے اس موقع پر ہمیں اس بات کو بھی کسی طرح بھی فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہربڑی شدت اختیار کر چکی ہے،ہر روز مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، مہلک مرض سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ جتنی جلدی ہو سکے،کورونا ویکسین لگوائیں اور سماجی فاصلہ رکھنے کے ساتھ ماسک اور دوسرے ایس او پیز پر بھی پورا عمل کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |