امریکی شہری نمبروں کا کھیل سمجھ کر لاکھوں ڈالر کی انعامی اسکیم جیت گیا

امریکی شہری نے انعامی اسکیم کے ذریعے 3 لاکھ 76 ہزار 564 ڈالر جیتے جو پاکستانی کرنسی میں 6 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں

امریکا میں کئی ریاستیں مختلف انعامی اسکیمیں چلاتی ہیں فوٹو: فائل

امریکی ریاست مشی گن کے ایک شہری نے ریاست کی جانب سے جاری کردہ انعامی اسکیم کے ٹکٹ نمبروں کو سمجھ کر لاکھوں ڈالر جیت لئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست مشی گن کے ایک شخص نے گزشتہ دنوں ریاستی انعامی اسکیم ''فینٹیسی 5'' کے ذریعے 3 لاکھ 76 ہزار 564 ڈالر جیت لئے جو پاکستانی کرنسی میں 6 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

انعامی رقم جیتنے والے شخص نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ مذکورہ انعامی اسکیم میں شامل ہوتا رہتا ہے، عام طور پر جب انعامی رقم بڑھ جاتی ہے تو وہ اس کا ٹکٹ لیتا ہے ، پہلے وہ آسان سے ہندسوں کا انتخاب کرتا تھا لیکن پھر اس نے ان پر تحقیق کرنی شروع کردی اور اس کا نتیجہ بھی مثبت نکلا۔


رقم جیتنے والے شخص نے بتایا کہ جیک پاٹ رقم کے انعام کا اعلان ہونے پر اس نے 05-07-18-36-38 نمبروں کا ٹکٹ خریدا۔ قرعہ اندازی کے دوران جب اس نے محسوس کیا کہ اعلان کئے جانے والے نمبر اس کے ٹکٹ سے مماثلت رکھتے ہیں تو اس نے اپنا ٹکٹ نکالا اور نمبروں جائزہ لیا۔ اس وقت اس کی خوشی کی انتہا نہ رہی جب اسے یقین ہوگیا کہ وہ انعامی رقم جیت چکا ہے۔ اس کا ماننا ہے کہ یہ سب قسمت سے ہوا ہے لیکن اس میں اس کی نمبروں کے حوالے سے کی گئی تحقیق کا بھی بڑا عمل دخل ہے کیونکہ یہ نمبر اس نے بہت سوچ سمجھ کر منتخب کئے تھے۔

انعامی رقم کو خرچ کرنے کے حوالے سے اس نے بتایا کہ وہ اس انعامی رقم سے گھومنے پھرنے کے علاوہ اپنے محفوظ مستقبل کے لیے سرمایہ کاری کرے گا۔

واضح رہے کہ امریکا میں کئی ریاستیں مختلف انعامی اسکیمیں چلاتی ہیں جن کے ذریعے شہریوں کو لاکھوں ڈالرز کے انعامات دیئے جاتے ہیں۔
Load Next Story