کسی ملک کو اجازت نہیں کہ وہ سیاسی مقاصد کیلئے پوری قوم پر الزام تراشی کرے وزیرخارجہ

پاکستان سرحد پار معاونت کے باعث ہونے والی دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، وزیرخارجہ


ویب ڈیسک August 08, 2021
پاکستان سرحد پار معاونت کے باعث ہونے والی دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، وزیرخارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کسی ملک کو اجازت نہیں کہ وہ سیاسی مقاصد کیلئے پوری قوم یا معاشروں پر دہشت گردی کے حوالے سے الزام تراشی کرے۔

اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف تقریبات میں بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ہمارے معاشرے کیلئے سنگین خطرہ بن چکی ہے، پاکستان ہر طرح کی دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے، چاہے وہ افراد کی جانب سے ہوں، گروہوں یا ریاستوں کی جانب سے ہوں، خطے میں قیام امن کیلئے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان ناگزیر ہے، لیکن کچھ اسپائلرز خطے میں امن کے دشمن ہیں۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے عفریت سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جو اکثر اوقات سرحد پار معاونت کے باعث ہوئی، ہمیں کسی ملک کو یہ اجازت ہرگز نہیں دینی چاہیے کہ وہ سیاسی مقاصد کیلئے پوری قوم یا معاشروں پر دہشت گردی کے حوالے سے الزام تراشی کرے، دہشت گردی کے خلاف ہماری مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں اپنی جانوں کی قربانی دی ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان ایک جامع نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے، ہم نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کو روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم متنازعہ علاقوں میں جغرافیائی تبدیلیوں کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، یہ یکطرفہ اقدام، خطے میں تعاون اور ہم آہنگی کا ماحول پیدا کرنے کی ہماری کوششوں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، ہمارے لوگوں کی خوشحالی اور سماجی ترقی اور خطے میں امن کیلئے ضروری ہے کہ دیرینہ تنازعات کو پرامن طریقے حل کیا جائے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمیں اسلاموفوبیا کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، حق آزادی اظہار رائے کا استعمال ذمہ داری کا متقاضی ہے، اسے کم و بیش دو ارب مسلمانوں کی دل آزاری کیلئے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہونی چاہیئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں