گوجرانوالہ مسافر وین میں آتشزدگی سے 10 افراد جاں بحق

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے افسوسناک واقعے کی جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا


ویب ڈیسک August 08, 2021
وزیر اعلیٰ پنجاب کا افسوسناک واقعے کی جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم (فائل فوٹو)

مسافر وین میں آتشزدگی سے 10 افراد جھلس کر جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گوجرانوالہ میں ڈی سی کالونی کے قریب مسافر وین میں شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی سے 10 افراد جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق جب کہ سات شدید زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ریسکیو ٹیم نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔ وین میں آتشزدگی کے باعث جی ٹی سڑک بلاک ہوگئی۔

ریسکیو ٹیم کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سلنڈر بھی موجود تھا جس کا پھٹنا ثابت نہیں ہوا، حادثہ کے بعد وین کا سلنڈر محفوظ نکلا، حادثہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پیش آیا۔

ڈی ایچ کیو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے ناموں کے لیے ڈی ایچ کیو الگ سے کاونٹر قائم کردیا گیا، ریسکیو اور اسپتال کی اکٹھی تفصیلات کاونٹر سے مل سکیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وین میں سلنڈر پھٹنے سے انسانی جانوں کی ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔