امریکا کی جانب سے 10 لاکھ رییڈ ٹیسٹ کٹس پاکستان کے حوالے

امریکا پاکستان کو ویکسین موڈرنا کی 55 لاکھ خوراکیں بھی فراہم کرچکا ہے


ویب ڈیسک August 09, 2021
ریپڈ ٹیسٹ کوویڈ 19 کی موثر تشخیص میں مدد دیں گے۔ فوٹو:فائل

یو ایس ایڈ کی جانب سے کورونا امدادی پیکج کے تحت 10 لاکھ رییڈ ٹیسٹ کٹس حکومت پاکستان کے حوالے کردیے گئے۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی )یو ایس ایڈ) نے کووڈ 19 اینٹیجن ریپڈ ڈائیگناسٹک ٹیسٹ کٹس (فوری تشخیص کے ٹیسٹ) حکومت پاکستان کے حوالے کر دیئے ہیں جو پاکستان پہنچ کر کوویڈ 19 کی موثر تشخیص میں مدد دیں گے اور ملک کودرپیش صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل بنائیں گے، اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے یہ ٹیسٹ کٹس وصول کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ امریکا کی طرف سے یہ امداد دونوں ممالک کے درمیان موجود گہرے دوستانہ تعلقات اور دو طرفہ تعاون کی عکاسی کر تی ہے، پاکستان کو کوویکس کے تحت امریکی ویکسین موڈرنا کی 55 لاکھ خوراکیں بھی فراہم کی جاچکی ہیں۔

یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹرجولی کوئنن نے کہا کہ "فوری تشخیص کے یہ ٹیسٹ کٹس کورونا کی سرویلنس اور تشخیص کے ذریعے پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ 2020ء میں کورونا وبا کے آغاز سے ہی امریکا پاکستان سمیت دنیا کے 120 ممالک میں انسانی جانوں کے تحفظ اور کورونا وبا کو روکنے کے لیے کام کررہا ہے، یو ایس ایڈ کی طرف سے جاری امداد ایمرجنسی ریلیف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحت کے نظام کی مضبوطی، ویکسین کی تیاری میں معاون ثابت ہو رہی ہے اور اس سے عوامی صحت کو بہتر بنانے اور ہیلتھ ورکرز کے تحفظ اور انہیں سہولیات فراہم کر نے میں بھی مدد ملتی ہے۔

جولی کوئنن کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کی طرف سے کورونا امداد پیکج کے تحت پاکستان میں کورونا مریضوں کی بحالی کے لیے 200 وینٹی لیٹرز، صحت کے عملہ کے لیے ذاتی بچاؤ کے آلات، پلس آکسی میٹر کے علاوہ 4 کروڑ ڈالر سے زائد رقم مختص کی گئی ہے، اس امداد کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر ملک بھر میں انسانی زندگیوں کو بچانے کے لیے علاج کی سہولیات اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں