کراچی میں کار چوری میں ملوث میاں بیوی اور بیٹا گرفتار

ملزمان کے قبضے سے 9 قیمتی گاڑیاں اور 2 پستول برآمد کرلیے گئے، پولیس


ویب ڈیسک August 10, 2021
ملزمان کے قبضے سے 9 قیمتی گاڑیاں اور 2 پستول برآمد کرلیے گئے، پولیس (فوٹو: انٹرنیٹ)

اینٹی کار لفٹنگ سیل نے کراچی میں کار چوری میں ملوث میاں، بیوی اور بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اینٹی کار لفٹنگ سیل نے ناظم آباد میں کارروائی کرتے ہوئے کار چور ماں، بیٹا اور سوتیلے باپ کو گرفتارکرلیا، ملزمان کے قبضے سے 9 قیمتی گاڑیاں اور 2 پستول بھی برآمد کرلیے گئے۔

ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل عارف اسلم راؤ کے مطابق گرفتار ملزمان میں لیاقت، اس کی بیوی امیر عرف شبو ناز اور بیٹا شہاب شامل ہیں، میاں بیوی کراچی کے مختلف علاقوں سے کاریں کرائے پر حاصل کرتے اور کار کو ڈرائیور سمیت ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی اور نارتھ کراچی بلایا جاتا جہاں ان سے وہ اسلحے کے زور پر گاڑیاں چھین لیتے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان چھینی ہوئی گاڑیوں کے کاغذات اسکین کرکے کمپیوٹر میں رجسٹریشن نمبر تبدیل کرنے کے بعد اس کی رنگین کاپی نکال لیا کرتے تھے، پھر گاڑیوں کو بینک ڈیفالٹر، فائل مسنگ یا نان کسٹم پیڈ بتا کر فروخت کردی جاتیں یا پھر کرائے پر چلائی جاتی تھیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو اب تک 7 مختلف مقدمات میں گرفتار کرکے ریمانڈ حاصل کیا جا چکا ہے، ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے برآمد کی جانے والی گاڑیاں ضابطے کی کارروائی کے بعد اپنے اصل مالکان کے حوالے کی جائیں گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون کا بیٹا شہاب محکمہ اسپورٹس کا ملازم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں