مفتی تقی عثمانی اور فضل الرحمان کا وقف املاک اور گھریلو تشدد بل کے خلاف جدوجہد پر اتفاق

ملک کی اسلامی شناخت کی بقاء کے لیے مولانا آگے بڑھیں، تقی عثمانی، فضل الرحمان سے آفاق احمد کی بھی ملاقات


Staff Reporter August 10, 2021
ملک کی اسلامی شناخت کی بقاء کے لیے مولانا آگے بڑھیں، تقی عثمانی، فضل الرحمان سے آفاق احمد کی بھی ملاقات (فوٹو : فائل)

BERLIN: پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے مفتی تقی عثمانی سے ملاقات کی دونوں رہنماؤں نے وقف املاک ایکٹ اور گھریلو تشدد بل کے خلاف مشترکہ جہدوجہد پر اتفاق کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے مولانا مفتی محمد تقی عثمانی سے دارالعلوم کراچی کورنگی میں ملاقات کی جس میں جے یو آئی (ف) سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد سومرو سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت وطن عزیز کو سیکولر اسٹیٹ بنانے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں، وطن عزیز کی اسلامی شناخت کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا، موجودہ حکومت مغربی ایما پر اس ایجنڈے کی تکمیل کرنا چاہتی ہے۔

ملک کی اسلامی شناخت کی بقاء کے لیے مولانا آگے بڑھیں، تقی عثمانی

مولانا تقی عثمانی نے کہا کہ ملک کی اسلامی شناخت کی بقاء کے لیے مولانا آگے بڑھیں، مذہبی حلقوں میں پھیلنے والی بےچینی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ دونوں رہنماؤں نے وقف املاک اور گھریلو تشدد بلز کے حوالے سے مشترکہ جدوجہد پر باہمی اتفاق رائے ظاہر کیا۔

علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان اور مہاجر قومی موؤمنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کے درمیان بھی ملاقات ہوئی۔ آفاق احمد مولانا کی رہائش گاہ پہنچے ملاقات میں کراچی کے مسائل، بلدیاتی انتخابات اور آئندہ کی حکمت عملی اور سندھ میں مشترکہ جدوجہد پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کراچی کی گلیوں میں بڑھتے ہوئے سیوریج کے پانی اور جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر سے سندھ حکومت کی غیر سنجیدگی عیاں ہے۔ دونوں رہنماؤں نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہری اضلاع تک تعاون بڑھانے کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں