متعدد افراد کے قتل میں ملوث لیاری گینگ وار کا ٹارگٹ کلر گرفتار

ملزم نے زاہد لاڈلہ کے کہنے پر متعدد قتل اور اقدام قتل کی وارداتیں کرنے کا اعتراف کرلیا ہے، پولیس

ملزم نے زاہد لاڈلہ کے کہنے پر متعدد قتل اور اقدام قتل کی وارداتیں کرنے کا اعتراف کرلیا ہے، پولیس (فائل فوٹو)

پولیس نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بغدادی پولیس نے لیاری کے علاقے احمد شاہ بخاری روڈ نزد پھول پتی لائن میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد قتل، اقدام قتل کی وارداتوں میں ملوث لیاری گینگ وار کے مبینہ ٹارگٹ کلر عبید اللہ ولد عبد اللہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اورمنشیات برآمد کرلی۔


ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر کا تعلق لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلہ گروپ سے ہے، گرفتار ملزم عادی، پیشہ ور ٹارگٹ کلر اور منشیات فروش ہے، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش زاہد لاڈلہ کے کہنے پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر متعدد قتل، اقدام قتل کی وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ایس ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار ملزم نے 3 جولائی کو زاہد لاڈلہ کے کہنے پر اپنے ساتھی علی اور صالح کے ساتھ مل کر دبئی چوک کے قریب نصیر وحشی نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کیا، گرفتار ملزم نے 15 نومبر 2020ء کو زاہد لاڈلہ کے کہنے پر صدام نامی شخص کو پھول پتی لائن کے قریب فائرنگ کرکے زخمی کیا جو دوران علاج دم توڑگیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم نے 3 اسی اگست کو زاہد لاڈلہ کے کہنے پر پھول پتی لین کے قریب رحمان نامی شخص پر فائرنگ کی لیکن قریب ہی کھڑے کریم بخش نامی شخص کو گولی لگ گئی اور وہ زخمی ہوگیا، ملزم کے خلاف اس کے علاوہ بھی منشیات فروشی کا مقدمہ بغدادی میں درج ہے، ملزم سے برآمدہ اسلحہ فارنزک ٹیسٹ کے لیے روانہ کردیا گیا ہے، گرفتارملزم سے زاہد لاڈلہ گروپ اور دیگر ساتھیوں کے متعلق بھی پوچھ گچھ جاری ہے، گرفتار ملزم کا مزید سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی جمع کیا جارہا ہے۔
Load Next Story