چیئرمین بورڈ کی پوسٹ نوٹیفکیشن میں تاخیر پر چہ مگوئیاں ہونے لگیں

ٹیم کی انگلینڈ میں کارکردگی اورکے پی ایل کومس ہینڈل کرنے پراعلیٰ شخصیات خوش نہیں ہیں، کرکٹ حلقے


Saleem Khaliq August 11, 2021
احسان مانی پروزیر اعظم مکمل اعتماد کرتے ہیں،وہی مزید تین سال بھی ذمہ داری سنبھالیں گے،پی سی بی ذرائع (فوٹو:فائل)

احسان مانی کے حوالے سے نوٹیفکیشن میں تاخیر پر چہ مگوئیاں ہونے لگیں۔

جون کے اواخر میں یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم عمران خان نے احسان مانی کو مزید تین برس تک کام جاری رکھنے کی ہدایت دے دی ہے،وہ ایک بار پھر ان سمیت اسد علی خان کوبورڈ آف گورنرزکیلیے نامزدکریں گے،رسمی الیکشن کے بعد مانی مزید تین برس کیلیے چیئرمین بن جائیں گے، البتہ اب ڈیڑھ ماہ گذرنے کے باوجود اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

چیئرمین بورڈ کی وزیر اعظم سے ملاقات21 جون کو ہوئی تھی،ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ہی میڈیاکو ایکسٹینشن کے حوالے سے خبر فیڈ کی گئی تھی،اب تاخیر پر مسلسل خاموشی طاری ہے۔

بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر نے نوٹیفیکیشن کے حوالے سے جب حکومت کو خط تحریر کیا تو سخت جواب آیا کہ انھیں یہ پوچھنے کا اختیار حاصل نہیں ہے، قومی ٹیم کی انگلینڈ میں ناقص کارکردگی کے بعد کشمیر پریمیئر لیگ کے معاملات کو جس طرح بورڈ نے مس ہینڈل کیا اس پر بعض اعلیٰ شخصیات خوش نہیں ہیں۔

ایک طرف بھارت کی جانب سے غیرملکی کرکٹرز پر لیگ میں حصہ نہ لینے کیلیے دباؤ ڈالا گیا دوسری جانب پی سی بی نے خود اپنے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو بھی ریلیز کرنے سے انکار کردیا، پی ایس ایل فرنچائززکوکے پی ایل کے حوالے سے جو ای میل بھیجی گئی اس میں بھی الفاظ کا درست چناؤ نہیں کیا گیا تھا۔

بعض حلقے یہ کہہ رہے ہیں کہ حکومت چیئرمین کے حوالے سے چند دیگر ناموں پر بھی غور کر رہی ہے، البتہ اس حوالے سے جب پی سی بی کے ایک آفیشل سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور احسان مانی کے بہت پرانے تعلقات ہیں اور وہ ان پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔ اگر چیئرمین خود مزید ذمہ داری سنبھالنے میں دلچسپی نہیں رکھیں تو الگ بات ہے ورنہ انھیں ہٹانے کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم نے 20 اگست 2018 کواحسان مانی کو بطور چیئرمین کرکٹ بورڈ نامزد کیا تھا،4 ستمبر کو رسمی انتخابات کے بعد ان کا 3 برس کیلیے تقرر ہوا، ان کے دور میں قومی ٹیم کی کارکردگی زوال پذیر ہوئی،پی ایس ایل بھی مسلسل مسائل کا شکار ہے،البتہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا جو سفر سابقہ بورڈ حکام نے شروع کیا تھا اسے کامیابی سے جاری رکھا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں