بھارت اور افغانستان پاکستان کے خلاف سازش کررہے ہیں شیخ رشید

پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، وفاقی وزیر داخلہ


ویب ڈیسک August 11, 2021
پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، وفاقی وزیر داخلہ۔ فوٹو:فائل

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنسی را اور افغانستان کی این ڈی ایس پاکستان کے خلاف سازش کررہی ہیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے 70 ہزار جانوں کی قربانیاں دی ہیں، اب پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی نہ ہی کسی کواستعمال کرنے دیں گے، افغانستان کے عوام جانیں انہوں نے کیا فیصلہ کرنا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج پی ڈی ایم نے پھر سے اجلاس بلایا ہے، آج بھی مفت مشورہ دے رہا ہوں اپوزیشن جماعتوں کی جو مرضی وہ کریں ،عمران خان 5 سال مدت پوری کریں گے، اپوزیشن ٹھس ہے، ان کو عدم اعتماد کی سمجھ نہیں آرہی، عمران خان کو نالائق اپوزیشن ملی، اپوزیشن آئین کے دائرے میں رہ کر جو مرضی کرے، بلاول جب سے پیدا ہوئے ہیں وہ عدم اعتماد سے چل رہے ہیں، میری طرف سے 16 فروری سے نوازشریف فارغ ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آئندہ آنے والے 6 ماہ اہمیت کے حامل ہیں، پاکستان میں عالمی سیاست ہونے جارہی ہے، پاکستان میں 96 فیصد افغانستان اور 48 فیصد ایران کے ساتھ فینسنگ ہے، بھارت کی را اور افغانستان کی این ڈی ایس پاکستان کے خلاف سازش کررہی ہے، پاکستان بین الاقوامی مسائل سے گھرا ہے، آپ کو چاہئے کہ اس سوچ سے آگے بڑھیں، ملک کے ہونہار بچوں کیلئے کچھ کریں، باپ کی دکان اور دادا کے کاروبار پر آکے بیٹھ جانا کوئی بڑی بات نہیں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، ایس اوپیز پر عمل کی ضرورت ہے، پاکستان کےریجن میں جلسے جلوسوں کی ضرورت نہیں، ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں کہ عزاداروں، مجلسوں اور جلوسوں میں این سی اوسی کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں، 9 اور 10 محرم کوشش کروں گا کے چاروں صوبوں کا دورہ کروں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں