کورونا کا خاتمہ مشکل ضرور ہے ناممکن نہیں ماہرین

درست انتظامی و سماجی حکمتِ عملی سے بھی کورونا وبا کا پھیلاؤ کم کرنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے

درست انتظامی و سماجی حکمتِ عملی سے بھی کورونا وبا کا پھیلاؤ کم کرنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ (فوٹو: ڈپلومیسی ڈاٹ آرگ)

نیوزی لینڈ کے سائنسدانوں نے امید ظاہر کی ہے کہ حالیہ کووِڈ 19 عالمی وبا کا خاتمہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن ہر گز نہیں۔

یہ بات ریسرچ جرنل ''بی ایم جے گلوبل ہیلتھ'' کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی ایک تحقیقی رپورٹ میں کہی گئی ہے جسے نیوزی لینڈ کی مختلف جامعات اور تحقیقی اداروں کے سائنسدانوں نے مشترکہ طور پر مرتب کیا ہے۔

بنیادی طور پر یہ ایک جامع تجزیہ (میٹا اینالیسس) ہے جس میں کووِڈ 19 عالمی وبا کا خاتمہ کرنے کےلیے اب تک ہونے والی سائنسی تحقیقات اور سماجی و سرکاری کوششوں کا موازنہ، چیچک اور پولیو کے خاتمے کی غرض سے ہونے والی کوششوں سے کیا گیا ہے۔

تجزیئے اور موازنے کےلیے انہوں نے وبا کے خاتمے سے متعلق، مختلف نوعیت کے 17 پہلوؤں کا احاطہ کیا جن میں محفوظ و مؤثر ویکسین کی دستیابی، ویکسین کے استعمال سے پیدا ہونے والی مدافعت کا دورانیہ، عوامی صحت کے اقدامات (بشمول ایس او پیز اور طبّی سہولیات) کی اثر پذیری، اور وبا کا پھیلاؤ روکنے کےلیے سرکاری اقدامات وغیرہ شامل ہیں۔


کووِڈ 19، چیچک اور پولیو کے تناظر میں ان تمام پہلوؤں کا آپس میں موازنہ کرنے کے بعد انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ حالیہ کورونا وبا کا خاتمہ، پولیو کی نسبت معمولی قدرے آسان جبکہ چیچک کے مقابلے میں تھوڑا مشکل ہے۔ البتہ، یہ ناممکن ہر گز نہیں۔

کورونا وبا میں دنیا کو کچھ نئے مسائل کا سامنا بھی ہے جن میں افواہوں کے باعث ویکسین لگوانے میں جھجک اور کورونا وائرس کے تیز رفتار ارتقاء سے وائرس کی نئی نئی اقسام (ویریئنٹس) کا ظہور بطورِ خاص اہم ہیں۔ خدشہ ہے کہ کورونا وائرس کے مزید نئے ویریئنٹس کے سامنے موجودہ ویکسینز ناکارہ ہو کر نہ رہ جائیں۔ ان دونوں مسائل کی وجہ سے کووِڈ 19 عالمی وبا کا خاتمہ زیادہ مشکل ہوسکتا ہے۔

مذکورہ جامع تجزیئے میں کہا گیا ہے کہ چین، ہانگ کانگ، آئس لینڈ اور نیوزی لینڈ سمیت مختلف چھوٹے بڑے ممالک اور انتظامی علاقہ جات میں کورونا ویکسین سے پہلے ہی سرحدی آمدورفت پر پابندیوں (بارڈر کنٹرول)، ماسک پہننے کی پابندی، سماجی فاصلے، ٹیسٹنگ اور متاثرہ افراد سے براہِ راست رابطے میں آنے والوں کی نشاندہی (کونٹیکٹ ٹریسنگ) جیسے اقدامات کرتے ہوئے اس وبا کا عارضی طور پر خاتمہ کردیا۔

یعنی یہ کہ اگر انتظامی اور سماجی سطح پر درست حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے، متعلقہ اقدامات کا نفاذ بھی صحیح طور پر کیا جائے تو تب بھی وبائی پھیلاؤ روکنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔

ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ ابتدائی تجزیہ ہے جس میں صرف کورونا وبا پر قابو پانے کےلیے اہم مشکلات اور آسانیوں کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ اس بارے میں مزید تحقیق کرتے ہوئے ایک منظم اور مؤثر حکمتِ عملی ترتیب دینا ہوگی تاکہ کووِڈ 19 عالمی وبا پر بروقت قابو پایا جائے اور دنیا کے حالات جلد از جلد معمول پر واپس لائے جائیں۔
Load Next Story

@media only screen and (max-width: 1024px) { div#google_ads_iframe_\/11952262\/express-sports-story-1_0__container__ { margin-bottom: 15px; } }