وزیر اطلاعات پختونخوا کا پیسکو چیف کے گھر چھاپہ بجلی چوری کا الزام

عابد شیرعلی بجلی چوروں کے سرغنہ ہیں، شاہ فرمان، چھاپے نے بجلی چوری کی قلعی کھول دی، شیریں مزاری


Monitoring Desk/Express Report January 27, 2014
عابد شیرعلی بجلی چوروں کے سرغنہ ہیں، شاہ فرمان، چھاپے نے بجلی چوری کی قلعی کھول دی، شیریں مزاری

HUB: خیبر پختونخوا کے وزیراطلاعات شاہ فرمان نے اتوار کو میڈیا اور پولیس اہلکاروںکے ہمراہ پیسکو چیف طارق سدوزئی کے گھربنگلہ نمبر1واپڈا کالونی پر چھاپہ مارا اور بجلی چور کا الزام عائد کرتے ہوئے وہاں غیر قانونی کنکشنز کی نشاندہی کی جہاں مبینہ طور پر کنڈے ڈال کر بجلی چوری ہو رہی تھی۔

شاہ فرمان خان نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی پختونخوا کے عوام کو تو بجلی چور کہتے ہیں مگر واپڈا اور اس کی تقسیم کار کمپنیوںکے افسران پوری ڈھٹائی سے بجلی چوری میں ملوث ہیں اورستم یہ کہ اس مکروہ دھندے کی پشت پناہی بھی کرتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ وہ عنقریب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر کے پیسکو چیف اورمزید افسران کی بجلی چوری ثبوت کے ساتھ بے نقاب کریں گے،پیسکو چیف کے گھر پر 2کنڈے لگے ہیں اور ثابت ہوتا ہے کہ نہ صرف واپڈاکی صوبائی سطح کی ایک بڑی کمپنی کا سربراہ بجلی چور ہے بلکہ یہ بھی آشکار ہو جاتا ہے کہ اس کا وزیر مملکت عابد شیر بجلی چوروںکے سرغنہ ہیں۔ شاہ فرمان نے کہا میرے حلقے کی بجلی سیاسی مخاصمت کی بنا پر کاٹی گئی حالانکہ وہاں کے لوگوں سے تحریری معاہدہ کے مطابق میٹرنہیں لگائے گئے، متنی گرڈ اسٹیشن میں بجلی کی آمد 3 لاکھ یونٹ اور خرچ 5 لاکھ یونٹ ظاہر ہو رہا ہے۔

 photo 5_zps02d8f6e0.jpg

علاوہ ازیں ایک بیان میں پیسکو خیبر پختونخواکے ترجمان نے صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کا چیف ایگزیکٹو پیسکو کے خلاف بجلی چوری کا الزام مضحکہ خیز، بے بنیاد اور من گھڑت اور صوبائی وزیر کی کارروائی کو انتقام قرار دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا شاہ فرمان چوری اوپر سینہ زوری بند کریں، بجلی چوری کا ڈرامہ کرکے دبائو ڈالا جا رہا ہے، پیسکو چیف کے گھر ڈیجیٹل میٹر لگے ہیں، بجلی چوروںکو الٹا لٹکا کر بجلی واپس لیں گے۔ پیسکو چیف طارق سدوزئی نے کہا کہ انھوںنے شاہ فرمان کے حلقے سے غیر قانونی ٹرانسفارمر ہٹائے تھے ، ان کے گھر پر چھاپہ غیر قانونی ٹرانسفارمر ہٹائے جانے کا نتیجہ ہے۔ انھیں 1500 یونٹ ملتے ہیں ایسے میں انھیں بجلی چوری کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ شاہ فرمان نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا وہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ ادھر تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ شاہ فرمان کے چھاپے نے بجلی چوری کی قلعی کھول دی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ عابد شیر علی ہمت کر کے پیسکو چیف کو برطرف کر دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں