فلموں میں مذہبی جذبات مجروح کرنے والے بالی ووڈ اسٹارز

شاہ رخ سے لیکر دپیکا تک وہ اداکار جو لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوئے

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اپنی فلم ’’زیرو‘‘ کی وجہ سے مشکل میں پڑگئے تھے فوٹوفائل

KARACHI:
مشہور ہونا آسان نہیں کیونکہ مشہور شخصیات کی ہر چھوٹی سے چھوٹی بات اور ہر غلطی فوراً نظروں میں آجاتی ہے۔

گزشتہ کچھ برسوں میں بالی ووڈ اسٹارز کی ایک چیز جس کی وجہ سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہ ہے ان اسٹارز کی وہ فلمیں جن کی وجہ سے لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی۔ شاہ رخ خان، دپیکا پڈوکون سے لے کر انوشکا شرما تک یہاں ان فنکاروں کے بارے میں بتایا جارہا ہے جو لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوئے۔

شاہ رخ خان



بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اپنی فلم ''زیرو'' کی وجہ سے مشکل میں پڑگئے تھے کیونکہ ان کے خلاف مبینہ طور پر سکھ کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے بومبے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی اور درخواست میں شاہ رخ خان اور فلم ''زیرو'' کے فلمساز کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ سکھ کمیونٹی کی جانب سے فلم کے ٹریلر کا حوالہ دیتے ہوئے اعتراض اٹھایاگیا تھا کہ کنگ خان نے فلم میں شارٹس پہنے ہیں ان کے گلے میں 500 روپے کا ہارہے اور انہوں نے گلے میں ''کرپان'' لٹکائی ہوئی ہے۔

دپیکا پڈوکون



سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی سپر ہٹ فلم ''گولیوں کی راس لیلا؛ رام لیلا'' کے وقت اداکارہ دپیکا پڈوکون اور فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی مشکل میں پڑگئے تھے۔ ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے ہندوؤں کے مذہبی تہوار رام لیلا کو فلم میں صحیح طریقے سے نہیں دکھایا۔ جب کہ فلم 'باجی راؤ مستانی' پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے فلم میں مراٹھا رہنماؤں اور کاشی بائی کو درست طریقے سے نہیں پیش کیا۔

اس کے علاوہ ہندو دائیں بازو کی کرنی سینا نے سنجے لیلا بھنسالی اور دپیکا پڈوکون کی ایک ساتھ تیسری فلم 'پدماوت' کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر احتجاج کیا تھا اور فلم کے سیٹ کی توڑ پھوڑ، فلم کے خلاف پابندی کا مطالبہ کرنے سے لے کر موت کی دھمکیاں تک دی گئی تھیں۔

عامر خان



بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی سپر ہٹ فلم ''پی کے'' نے جہاں باکس آفس پر دھوم مچائی تھی وہیں یہ فلم تنازعات کا شکار بھی ہوگئی تھی۔ عامر خان اور فلم میکرز پر الزام تھا کہ انہوں نے اس فلم میں ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑایا ہے۔


کرینہ کپور



بالی ووڈ کی بے بو کرینہ کپور حال ہی میں اپنی کتاب ''پریگنینسی بائبل'' کی وجہ سے لوگوں کے غم و غصے کا شکار ہوئیں۔ کرینہ کپور کی کتاب کے ٹائٹل (عنوان) میں لفظ ''بائبل'' پر عیسائی کمیونٹی نے اعتراض اٹھاتے ہوئے ان کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔

اس سے قبل کرینہ کپور نے ایک فلم میں سیتا کے کردار کے لیے 12 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا جس کی وجہ سے ان پر بے تحاشہ تنقید کی گئی تھی اور ان پر ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا گیا تھا۔

اشے کمار



اداکار اکشے کمار اپنی فلم ''لکشمی بومب'' کی ریلیز کے وقت مشکل میں پڑگئے تھے۔ اور ان پر ہندو دیوی ''لکشمی'' کا مذاق اڑانے کا الزام لگایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ حال ہی میں اکشے کمار پر ان کی آنے والی فلم ''رام سیتو'' کے نام کی وجہ سے بھی تنقید کی جارہی ہے۔

انوشکا شرما



اداکارہ انوشکا شرما اپنی سیریز ''پاتال لوک'' میں سکھ کمیونٹی اور ہندو کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوچکی ہیں۔

روینہ ٹنڈن



بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹندن، کوریو گرافر فرح خان اور کامیڈین بھارتی سنگھ ایک شو کے دوران عیسائی کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے پر مشکلات کا شکار ہوگئی تھیں۔
Load Next Story