امریکا نے افغانستان سے اپنی فوجیں نکال کر بڑا مسئلہ کھڑا کردیا ہے برطانیہ

برطانیہ نے اپنے شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے 600 فوجیوں کو افغانستان بھیجنے کا اعلان بھی کیا ہے


ویب ڈیسک August 13, 2021
سیکرٹری دفاع نے افغانستان سے اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے 600 فوجی بھیجنے کا اعلان کیا، فوٹو: فائل

ISLAMABAD: برطانیہ کے سیکرٹری دفاع بین والیس نے افغانستان سے فوجی انخلا کے امریکی فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس سے افغان سرزمین شدت پسندوں کے ہاتھوں میں چلی گئی ہے۔

اسکائی نیوز ٹیلی وژن کو انٹرویو میں برطانوی سیکرٹری دفاع بین والیس نے کہا کہ امریکی فوجیوں کے انخلا کی واپسی سے افغانستان میں خلا پیدا ہوگیا ہے جسے اب شدت پسند پُر کر رہے ہیں۔ امریکا نے افغانستان میں ایک بڑا مسئلہ کھڑا کردیا ہے جس سے خطے کے امن کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

سیکرٹری دفاع بین والیس نے امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ طالبان کے دوبارہ سرگرم ہونے سے افغان سرزمین شدت پسندوں کی افزائش گاہ بن جائے گی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا کا 3 ہزار فوجی افغانستان بھیجنے کا فیصلہ

برطانوی سیکرٹری دفاع نے امریکا کو یاد دہانی کرائی کہ طالبان نے ہی نائن الیون سے قبل داعش کو محفوظ پناہ دے رکھی تھی اور اب طالبان کے افغانستان میں مضبوط ہونے سے وہاں القاعدہ فائدہ اُٹھا سکتی ہے اور دوبارہ منظم ہوکر عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

قبل ازیں سیکریٹری دفاع بین والیس نے 600 برطانوی فوجی اہلکاروں کو افغانستان بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فوجی دستہ افغانستان میں موجود برطانوی شہریوں کو ملک سے نکالنے میں مدد کریں گے جہاں شدت پسندوں نے کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ طالبان نے افغانستان کے اکثریتی علاقوں کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے جس پر امریکا نے بھی اپنے سفارت کاروں اور شہریوں کو افغانستان سے نکالنے کے لیے 3 ہزار فوجیوں پر مشتمل دستہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں