حفیظ کی سنچری ٹیم کوشکست سے نہ بچا سکی

کشمیرلیگ میں مظفرآباد ٹائیگرزکیخلاف میرپوررائلز نے228کا ہدف عبورکرلیا۔


Sports Reporter August 14, 2021
کوٹلی لائنز سے ناکامی کے باوجود اوورسیز واریئرزکی ٹیم فائنل فور میں شامل۔ فوٹو: فائل

کشمیر پریمیئر لیگ میں محمد حفیظ کی سنچری بھی مظفر آباد ٹائیگرز کو شکست سے نہ بچاسکی جب کہ میرپور رائلز نے228کا ریکارڈ ہدف2بالز قبل عبور کرتے ہوئے پلے آف مرحلے میں جگہ بنالی۔

میزبان مظفرآباد ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6وکٹ پر227رنز بنا لیے،کپتان محمد حفیظ نے5 چوکوں اور10 چھکوں سمیت 55گیندوں پر 110رنز کی اننگز کھیلی،ذیشان اشرف نے49رنز بنائے، آخر میں انور علی 22 اور محمد وسیم جونیئر19کا حصہ ڈالنے میں کامیاب ہوئے، سلمان ارشاد، شاداب مجید اور عماد بٹ نے 2،2 شکار کیے۔

جواب میں میرپور رائلز کے شرجیل خان21اور مختار احمد29رنز بنا سکے، شعیب ملک نے 46اور محمد اخلاق نے42 رنزکی اننگز کھیلی،ٹیم کو آخری 5اوورز میں 72رنز درکار تھے، خوشدل شاہ نے ناقابل شکست56 رنز کیلیے 22 گیندوں کا استعمال کرتے ہوئے ہدف 2بالزقبل ممکن بنا دیا، 5وکٹ کی فتح سے میرپور رائلز نے6پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہتے ہوئے پلے آف مرحلے میں جگہ بنالی۔

اس سے قبل پہلے میچ میں بیٹنگ کی دعوت ملنے پراوورسیز واریئرز نے 6وکٹ پر 211رنز بنائے، ناصر نواز 66اور حیدرعلی نے62رنزکی اننگز کھیلی، اعظم خان نے صرف 22گیندوں پر51رنز بنائے، خرم شہزاد نے 3شکار کیے۔

جواب میں کوٹلی لائنزکو کامران اکمل (60) اور جنید علی(51) نے اچھا آغاز فراہم کیا، احسان علی نے ناقابل شکست 56 رنز کی اننگز کھیلی، آصف علی 34 پر ناٹ آؤٹ رہے، ہدف 19 اوورز میں عبور ہوگیا، کوٹلی لائنز نے پہلی فتح پائی مگر ٹیم3پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر رہی۔

اوورسیز واریئرز نے4پوائنٹس اور باغ اسٹالینز سے بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر پلے آف مرحلے میں رسائی پالی،راولا کوٹ ہاکس(7) اور مظفر آباد ٹائیگرز(6)ٹاپ 2ٹیمیں رہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں