روٹ ایک بار پھر بھارت کے سامنے ڈٹ گئے

لارڈزٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 48 پر ناٹ آؤٹ، ٹیم کے 3 وکٹ پر 119 رنز

لارڈزٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 48 پر ناٹ آؤٹ، ٹیم کے 3 وکٹ پر 119 رنز۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لارڈز ٹیسٹ میں جوروٹ ایک بار پھر بھارت کے سامنے ڈٹ گئے جب کہ انگلش ٹیم نے جوابی اننگز میں 3 وکٹ پر119 رنز بنا لیے۔

لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر جوابی اننگز میں محتاط آغاز کرنے کے بعد 3 وکٹ پر119 رنز بنالیے، ابھی اسے مزید 245 رنز کا خسارہ ہے، سبلی (11) کے فوری بعد حسیب حمید گولڈن ڈک کا شکار بنے، دونوں وکٹیں سراج کے نام رہیں۔

اس مرحلے پر برنز اور کپتان جو روٹ بھارتی بولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 84 رنز جوڑکر ٹیم کا ٹوٹل 107 تک پہنچایا، رورے برنز ایک رن کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہیں کرپائے، وہ 136 بالز پر 49 رنز بنانے کے بعد محمد شمی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، جوروٹ 48 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں، دوسرے اینڈ پر موجود جونی بیئراسٹو 6 پر ناٹ آؤٹ رہے۔


اس سے قبل بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 364 رنز بناکرآؤٹ ہوئی، مہمان الیون نے دوسرے دن کی شروعات 3 وکٹ پر276رنز سے کی، لوکیش راہول انفرادی اسکور127 میں 2 رنز کا اضافہ ممکن بنا سکے، اجنکیا راہنے1 کے انفرادی اسکور پر میدان بدر ہوگئے، رویندرا جڈیجا (40) اور ریشابھ پانٹ (37) نے چھٹی وکٹ کے لیے 49 رنز کی شراکت بنائی۔

بھارت کی 3 اختتامی وکٹیں محض 18 رنز کے اضافے سے گریں، پیسر جیمز اینڈرسن نے 62 رنز کے عوض 5 وکٹیں اپنے نام کیں، انھوں نے 31 ویں بار اننگز میں 5 یا زائد شکار کیے، اولی روبنسن اور مارک ووڈ نے 2، 2 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

 
Load Next Story