شاہین کے کاری وار کیریبئن ٹیم دباؤ کا شکار

پہلے روز 1رن پر2وکٹیں گنوانے والے ویسٹ انڈیزنے ابتدائی صدمات سے سنبھلتے ہوئے مزیدایک نقصان برداشت کرکے سنچری مکمل کی۔


Sports Reporter August 14, 2021
آخری اطلاعات تک میزبان سائیڈ کے5 وکٹ پر 102رنز،کریگ بریتھ ویٹ45 پر ناٹ آؤٹ،محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی 2،2وکٹیں لینے میں کامیاب۔ فوٹو: فائل

کنگسٹن ٹیسٹ میں شاہین شاہ آفریدی کے کاری وار نے کیریبیئن ٹیم دباؤ کو دباؤکا شکارکردیا جب کہ پہلے روز صرف ایک رن پر 2وکٹیں گنوانے والے ویسٹ انڈیز نے ابتدائی صدمات سے سنبھلتے ہوئے روسٹن چیس(21)کا نقصان اٹھاکر سنچری مکمل کی۔

کنگسٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز نے2 وکٹ پر 2رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، کپتان کریگ بریتھ ویٹ1اور روسٹن چیس کھاتہ کھولنے کا ارادہ لیے کریز پر آئے،دونوں بیٹسمینوں نے محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی کا سامنا کرتے ہوئے محتاط انداز اختیار کیا اور صرف خراب گیندوں پر ہی چند اسٹروکس کھیلے،شاہین کے اوور میں لیگ بائیز سے ملنے والے 2چوکوں نے بھی اسکور بورڈ متحرک کیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے فہیم اشرف کا آسانی سے سامنا کیاا مگر حسن علی نے روسٹن چیس(21) کو محمد رضوان کی مدد سے دھرلیا، تیسری وکٹ کیلیے 50رنز کی شراکت ختم ہوئی،پہلے روز ابتدا میں ہی صدموں سے سنبھلتے ہوئے لنچ تک ویسٹ انڈیز نے 3وکٹ پر 81رنز بنالیے تھے، کریگ بریتھ ویٹ35اور جرمین بلیک ووڈ 14پر ناٹ آؤٹ تھے۔

وقفے کے بعد حسن علی نے اچھی لائن و لینتھ کے ساتھ آغاز کیا لیکن میزبان کپتان کا دفاع مضبوط رہا،جرمین بلیک ووڈ نے شاہین شاہ آفریدی کے بعد حسن علی کا بھی آسانی سے سامنا کیا، بریتھ ویٹ(37) کیخلاف شاہین شاہ آفریدی کا ایل بی ڈبلیو ریویو ناکام ہوا، یارکر گیند پیڈز پر لگنے کے بعد لیگ اسٹمپ سے باہر جا رہی تھی مگر پیسر زیادہ ہی جوش کا مظاہرہ کرگئے۔

میزبان ٹیم کی سنچری مکمل ہوتے ہی شاہین شاہ آفریدی نے مسلسل2 گیندوں پر شکار کرتے ہوئے گرین کیپس کا پلڑا بھاری کردیا، پیسر نے جرمین بلیک ووڈ(22)کو مڈ آن پر محمد عباس کا کیچ بنوایا،اگلی گیند پر کائل مائرز کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی ایل بی ڈبلیو کردیا،ریویو کا بھی کوئی فائدہ نہ ہوا، اسی اوور میں جیسن ہولڈر(0) کو بھی ایل بی ڈبلیو قراردیا گیا مگر انھوں نے تھرڈ امپائر کی مدد سے وکٹ بچالی۔

آخری اطلاعات تک ویسٹ انڈیز کا ٹوٹل 40 اوورز میں 5 وکٹ پر 102رنز تھا،کپتان کریگ بریتھ ویٹ45 پر ناٹ آؤٹ تھے،محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی 2،2 جبکہ حسن علی ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ میچ کے پہلے روز پاکستان ٹیم فواد عالم اور فہیم اشرف کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت گرتے پڑتے 217رنز کا مجموعہ حاصل کرپائی تھی،اوپنرز اور اظہر علی کی جلد رخصتی کے بعد بابر اعظم30رنز بناکر کیمار روچ کی گیند وکٹ کیپر جوشوا ڈا سلوا کو سونپ کر آؤٹ ہوئے، ٹیم کی سنچری مکمل ہوتے ہی محمد رضوان جیسن ہولڈر اور روسٹن چیس کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوگئے۔

فہیم اشرف(44)نے رن آؤٹ ہونے سے قبل فوادعالم کی شراکت میں ٹوٹل 186تک پہنچایا،یاسر شاہ کھاتہ کھولنے سے قبل ہی کائل مائرز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے،حسن علی(14)کو جائیڈن سیلس نے کائل مائرز کی مدد سے میدان بدر کیا،جیسن ہولڈر نے فواد عالم(56)کو بولڈ کرنے کے بعد محمد عباس(0)کو وکٹوں کے پیچھے کیچ بنواکر پاکستان کی اننگز تمام کردی،آخری 5وکٹیں 31رنز کے سفر میں گریں، جائیڈن سیلس اور جیسن ہولڈر 3،3، کیمار روچ2، کائل مائرز ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

جواب میں ویسٹ انڈیز نے بھی 2وکٹیں تیسرے اوور میں ہی گنوادیں،محمد عباس نے کیرن پاؤل کو سلپ میں عمران بٹ کا کیچ بنوانے کے بعد اگلی بال پر نکروما بونر کو ایل بی ڈبلیو کردیا،دونوں نے کھاتہ بھی نہیں کھولا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں