توہین عدالت ترمیمی بل منظور نہیں ہونے دیںگےجھگڑا

حکومت کرپشن و مال بنانے کے یک نکاتی ایجنڈے پر عمل پیرا اور عدلیہ سے محاذ آرا ہے


ایکسپریس July 09, 2012
حکومت کرپشن و مال بنانے کے یک نکاتی ایجنڈے پر عمل پیرا اور عدلیہ سے محاذ آرا ہے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے توہین عدالت ترمیمی بل پارلیمنٹ سے منظور کرانے کی کوشش کی تو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور احتجاج کیا جائے گا، موجودہ حکومت کا یک نکاتی ایجنڈا کرپشن اور مال بنانا ہے، انتخابات میں سندھ سے کامیابی حاصل کریں گے، وہ اتوار کو ڈیفنس میں مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر ڈاکٹر بہادر ڈاہری کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے

حکمران ملکی خزانے کو لوٹ رہے ہیں اور مال بنانے کے علاوہ عدلیہ سے محاذ آرائی میں لگے ہوئے ہیں، اسی لیے توہین عدالت کا ترمیمی بل منظور کرانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن حکومت کی اس کوشش کو ناکام بنادیں گے، انھوں نے مزید کہا کہ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور کراچی کے حالات خراب ہیں اور عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، کراچی کے حالات کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی جانب سے امن و امان بہتر ہونے کا دعویٰ سمجھ سے بالاتر ہے، کراچی کے حالات بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے

انھوں نے کہا کہ (ن) لیگ آئندہ الیکشن میں سندھ میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، بعدازاں اقبال ظفر جھگڑا نے مسلم لیگ (ہم خیال) کے صدر ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کی رہائش گاہ پر ہم خیال گروپ کے رہنمائوں عبدالغفار قریشی، اراکین سندھ اسمبلی عبدالرزاق راہموں، چیتن مل و دیگر سے ملاقات کی، اقبال ظفر جھگڑا نے ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنمائوں نے آئندہ الیکشن مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا گیا، ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ نواز شریف اور سابق صدر پرویز مشرف میں کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا، دریں اثنا اقبال ظفر جھگڑا نے (ن) لیگ کے رہنما سردار ممتاز علی بھٹو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ کھوچکی ہے

آئندہ انتخابات میں عوام پیپلز پارٹی کو مسترد کردیں گے، بعدازاں وہ لیگی رہنمائوں کے ہمراہ ایدھی ہوم سہراب گوٹھ گئے اور عبدالستار ایدھی کی عیادت کی، آئی این پی کے مطابق میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کے لانگ مارچ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فوری طور پر کوئی فیصلہ نہیں کیا، اس ضمن میں حتمی فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کرے گی، ملک میں آئین سپریم ہے، پارلیمنٹ کا کام آئین پر عملدرآمد کرانا، قانون سازی کرنا اور آئین میں ترمیم کرنا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں