قازقستان کے وزیرِاعظم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کے معترف

قازقستان کے ساتھ فوجی تعاون کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا


Staff Reporter August 14, 2021
جنرل ندیم رضا نے قازقستان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں 'پاکستان ملٹری آرٹ روم' کا افتتاح کیا فوٹو: ایکسپریس

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے قازقستان کے وزیر اعظم سمیت دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی ہے۔ جس میں انہوں نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اپنے دورہ قازقستان کے دوران وزیر اعظم قازقستان عسکر مامن ،وزیر دفاع اور نائب وزیر صنعت سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ جن میں دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون بشمول سلامتی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی صورتِ حال خاص طور پر افغانستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کے مابین عسکری تعلقات کی سطح اور دائرہ کار کو مزید مستحکم کرنے اور بڑھانے کے اقدامات پر توجہ دی گئی اور مزید گہرے تعلقات استوار کرنے کا اعادہ بھی کیا گیا۔

اِس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ فوجی تعاون کو مزید بڑھانے کا بھی خواہاں ہے۔ قازقستان کے وزیرِ اعظم، وزیر دفاع اور نائب وزیر صنعت نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

اس کے علاوہ جنرل ندیم رضا نے قازقستان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا اور 'پاکستان ملٹری آرٹ روم' کا افتتاح کیا جوکہ پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار تاریخ، اس کی ثقافت اور روایات کی عکاسی کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔