کنگسٹن ٹیسٹ پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی پاکستان پر 34 رنز کی برتری

ویسٹ انڈیز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنالیے


ویب ڈیسک August 14, 2021
پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی فوٹو: اے ایف پی

WASHINGTON DC: کنگسٹن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں پاکستان پر 34 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے جب کہ اس کی 2 وکٹیں بھی باقی ہیں۔

کنگسٹن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ویسٹ انڈیز نے 2 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو روسٹن چیز اور کریگ بریتھویٹ کریز پر موجود تھے، 51 کے مجموعی اسکور پر روسٹن چیز 21 رنز بنا کر حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے، اس کے بعد جرمین بلیک ووڈ 22 اور کائل میئرز کوئی رن اسکور کیے بغیر آؤٹ ہوگئے، دوسری جانب کپتان کریگ بریتھ ویٹ پاکستانی بولرز کے سامنے ڈٹے رہے۔

بریتھ ویٹ اور جیسن ہولڈر نے 96 رنز کی شراکت قائم کی، 196 کے اسکور پر ہولڈر بھی چلتے بنے، 221 کے مجموعی اسکور پر کریگ بریتھ ویٹ کی ہمت جواب دے گئی، وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 97 رنز پر حسن علی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔ 249 رنز پر کیمار روچ بھی آؤٹ ہوگئے۔

کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنالیے ہیں ، کریز پر جوشوا ڈاسلوا اور جومل وریکین موجود ہیں۔ اس طرح ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں پاکستان پر 34 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے جب کہ اس کی 2 وکٹیں بھی باقی ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، فواد عالم نے 56 جب کہ فہیم اشرف نے 44 رنز کی اننگز کھیلی ، ان کے علکاوہ کوئی کھلاڑی اچھی کاکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔