لبنان میں آئل ٹینک سے پٹرول چوری کے دوران زوردار دھماکا 20 افراد ہلاک

لبنانی فوج نے پٹرول کے خفیہ ٹینک کو ایک کارروائی کے دوران ضبط کرلیا تھا

دھماکے میں 18 افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو: فائل

لبنان کے شمالی علاقے عکار میں ایک آئل ٹینک سے پٹرول چوری کرنے کے دوران زوردار دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کے شمالی علاقے میں فوج نے ایک خفیہ ٹینک کو ضبط کرلیا جس میں بڑی تعداد میں پٹرول ذخیرہ کیا گیا تھا۔ فوج نے قبضے کے بعد فوج نے پٹرول کو عوام میں تقسیم کرنا شروع کردیا جس کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔

امدادی تنظیم ریڈ کراس اور سرکاری میڈیا کے مطابق 200 کے قریب افراد پٹرول جمع کر رہے تھے کہ اچانک زور دار دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے۔ بری طرح جھلس جانے کے باعث لاشیں ناقابل شناخت ہوگئیں۔


سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے بتایا کہ دھماکا پٹرول بھرنے کے لیے ٹینک کے ارد گرد جمع ہونے والے رہائشیوں کے درمیان جھڑپوں کے بعد ہوا۔ دوسری جانب فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جس وقت جھگڑا ہوا فوج وہاں سے جا چکی تھی۔

لبنان کے وزیر صحت حماد حسن نے کہا ہے کہ حکومت دھماکے سے زخمی ہونے والوں کے علاج کے اخراجات ادا کرے گی۔ لبنان کو اس وقت ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

 
Load Next Story