افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے وزیرخارجہ

بھارت مسئلےکو الجھانے کے بجائے سلجھانےکی کوشش کرے، شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک August 15, 2021
افغانستان میں تمام گروپوں کونمائندگی ملنی چاہیے، شاہ محمود قریشی (فوٹو : فائل)

ISLAMABAD: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغانوں نے مشاورت سے کرنا ہے۔

افغانستان کی بدلتی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورت حال لمحہ بہ لمحہ تبدیل ہورہی ہے، ان کی قیادت اس وقت سخت آزمائش میں ہے، دعاہے افغان لیڈر شپ امن واستحکام کیلئے بڑاقدم اٹھائیں، افغان قیادت بڑے پن کامظاہرہ کرے اور مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالیں، افغانستان میں تمام گروپوں کونمائندگی ملنی چاہیے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغانوں نے مشاورت سے کرنا ہے، بھارت مسئلے کو الجھانے کے بجائے سلجھانے کی کوشش کرے، ہم واضح کرچکے ہیں کہ افغانستان میں ہمارا کوئی فیورٹ نہیں، اس معاملے پر پاکستان کا کردار مثبت رہے گا، اگرشکوہ جواب شکوہ میں پڑ گئے تو پھر امن کا مقصد حاصل نہیں ہوسکتا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان کا امن اور خوشحالی ہمارا ایجنڈا ہے، افغان عوام بھی امن اور استحکام چاہتے ہیں، افغان امن عمل میں پاکستان نے مصالحانہ کردار ادا کیا اور کرتا رہے گا، خواہش ہے کہ مسئلہ گفت و شنید سے حل ہو، پاکستان کاموقف واضح ہےکہ افغان مسئلےکا فوجی حل نہیں، دنیانے بھی تسلیم کرلیاکہ مذاکرات ہی مسئلےکا واحد حل ہے آج شام برطانوی وزیرخارجہ سےبھی بات چیت ہوگی، افغان رہنماؤں کا اہم وفد بھی پاکستان آرہا ہے، ہم نےلاکھوں افغانوں کو جگہ دی اورعزت واحترام کے ساتھ پیش آئے، چند لوگوں پرتوجہ نہیں دے رہے، ہم عام افغان عوام کی بہتری چاہتےہیں، وہاں انسانی جانوں کا تحفظ کیا جائے، سیاسی تصفیہ کیلئےکوششوں کی پاکستان حمایت جاری رکھے گا۔

وزیرخارجہ کا ملتان میں اجلاس سے خطاب

ملتان میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام محرم الحرام کے سلسلہ میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کی، جب کہ پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی اور معاون خصوصی جاوید اختر انصاری سمیت اراکین اسمبلی بھی شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال کے بعد ملکی سکیورٹی کے پیش نظر محرام الحرام بہت حساس ہے، شرپسند عناصر محرم الحرام میں امن خراب کرنے کے کوشش کرسکتے ہیں، ضلعی انتظامیہ و پولیس مکمل چوکس ہوکر سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کرائے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ قیام امن کیلئے سیاسی قیادت سول و پولیس انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کسی بھی ناآگہانی صورتحال میں تمام ادارے فوری ریسپناس کی حکمت عملی تیار کریں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں