آئی پی ایل پرایک اورانٹرنیشنل کرکٹ سیریز’نچھاور‘

آسٹریلیا اور افغانستان نے بھارت میں شیڈول باہمی ون ڈے میچز ملتوی کردیے


Sports Desk August 16, 2021
آسٹریلیا اور افغانستان نے بھارت میں شیڈول باہمی ون ڈے میچز ملتوی کردیے ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

آئی پی ایل پر ایک اور انٹرنیشنل سیریز نچھاور کردی گئی، آسٹریلیا اور افغانستان نے باہمی ون ڈے سیریز ملتوی کردی, مجوزہ ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز کیلیے بھی نئی تاریخیں طے کی جائیں گی, کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے پلیئرز کو انڈین لیگ کھیلنے کیلیے این او سی دے دی, ٹاپ کھلاڑی اپنے ڈومیسٹک ایونٹ کے بھی آغاز پر دستیاب نہیں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے دنیا کے ٹاپ کرکٹرز کی اپنی ری شیڈول آئی پی ایل میں شرکت کی راہ سے آخری کانٹا بھی نکال دیا ہے, اس کی فرمائش پر آسٹریلیا اور افغانستان نے بھارت میں ہی شیڈول 3 ون ڈے میچز کی سیریز ملتوی کردی ہے, یہ میچز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل کھیلے جانے تھے, جس کے بعد مجوزہ طور پر افغانستان, آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز بھی کھیلی جانا تھی۔

افغان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے متحدہ عرب امارات منتقل ہونے کی وجہ سے پیدا ہونے والے لاجسٹک مسائل اور سفری پابندیوں کی وجہ سے اس سیریز کو ملتوی کیا جارہا ہے جبکہ ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز کیلیے نئی تاریخ اور وینیو کو جلد فائنل کرلیا جائے گا۔

ون ڈے سیریز کے التوا کے ساتھ یی کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے ہلیئرز کی یو اے ای میں ہی ری شیڈول ہونے والی آئی پی ایل میں شرکت کا راستہ صاف کردیا یے, اس کیلیے باقاعدہ این او سی بھی جاری کردی گئی ہے, آئی پی ایل کے باقی 36 میچز 19 ستمبر سے 15 اکتوبر کے دوران 27 روز میں کھیلے جائیں گے, اس طرح بھارتی ایونٹ کا اختتام ورلڈ کپ سے صرف 2 دن قبل ہوگا۔

ابتدائی مرحلے میں شریک ہونے والے آسٹریلیا کے ٹاپ 7 کھلاڑیوں کی واپسی اب یقینی ہے, ان میں ڈیوڈ وارنر, گلین میکسویل, اسٹیون اسمتھ, مارکس اسٹوئنس, جھے رچرڈسن, کین رچرڈز سن اور ڈینیئل سیمز شامل ہیں, فاسٹ بولر پیٹ کمنز پہلے ہی واضح کرچکے کہ اس عرصے میں ان کے پہلے بچے کی پیدائش متوقع اور وہ گھر پر ہی رہیں گے, ان کے علاوہ جوش ہیزل ووڈ، ریلی میریڈیتھ، ڈین کرسٹیان، موسس ہینرکس، مچل مارش، جیسن بہرنڈروف، ایڈم زمپا، اینڈریو ٹائی، ناتھن کولٹرنیل، کرس لین، بین کٹنگ اور جوش فلپس کے بھی مختلف آئی پی ایل فرنچائزز کے ساتھ معاہدے ہیں۔ ہیزل ووڈ، مارش اور فلپ نے کورونا وائرس کی وجہ سے رواں برس پہلے مرحلے میں لیگ میں حصہ نہیں لیا تھا مگر وہ بدستور آئی پی ایل میں واپسی کے اہل ہیں۔

یہ لگاتار دوسرا سیزن ہے جس میں آسٹریلیا کے ٹاپ پلیئرز اپنے ڈومیسٹک مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈز میں شریک نہیں ہوں گے جن کا آغاز 11 ستمبر سے مارش ون ڈے کپ سے ہورہا ہے، آئی پی ایل اور اس کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے والا کوئی بھی آسٹریلوی کرکٹر اپنے ملک میں افغانستان کے خلاف 27 نومبر سے شروع ہونے والے واحد ٹیسٹ سے قبل کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیل سکے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں