مولانا فضل الرحمان کی افغان طالبان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

جے یو آئی (ف) نے روز اول سے امریکا اور نیٹو افواج کے افغانستان پر حملے کو جارحیت قرار دیا تھا، مولانا فضل الرحمان


ویب ڈیسک August 16, 2021
اللہ تعالی کی مدد سے طالبان نے اپنے وطن کو عالمی قوتوں سے آزاد کردیا ہے، فضل الرحمان فوٹو: فائل

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے افغان طالبان کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے.

جے یو آئی (ف) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے افغانستان میں تحریک اسلامی طالبان افغانستان کی بیس سالہ طویل جہاد کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک اسلامی طالبان کے امیر مولوی ہیبة اللہ اور ان کے تمام رفقاء کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، جمعیت نے روز اول سے امریکا اور نیٹو افواج کے افغانستان پر حملے کو جارحیت اور تجاوز جب کہ طالبان کی مزاحمت کو جائز دفاع قرار دیا تھا، مخلصانہ قربانیوں کے بعد اللہ تعالی کی مدد اور تائید سے طالبان نے اپنے وطن افغانستان کو عالمی قوتوں سے آزاد کرادیا ہے۔

سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کے عوام کو بالخصوص اور امت مسلمہ کو بالعموم مبارکباد کا مستحق قرار دیتے ہیں، طالبان قیادت نے فتوحات حاصل کرنے کے بعد امن ، خیر سگالی اور مفاہمت کی پالیسی کے ساتھ جس نئے نظام کے آغاز کیا ہے، جمعیت اسے قدر کے نگاہ سے دیکھتی ہے، ہم توقع رکھیں گے کہ اسی خلوص ، اورتدبر کے ساتھ بہتر حکمت عملی کے ذریعہ ایک پر امن اور مستحکم اسلامی افغانستان کی تشکیل میں کامیاب ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں