جہاز پر لٹک کر افغانستان چھوڑنے کی کوشش میں 2 نوجوان گر کر ہلاک ویڈیو وائرل

ہزاروں کی تعداد میں افغان شہری ملک چھوڑنے کیلیے ایئرپورٹ پہنچ گئے اور طیاروں میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی


ویب ڈیسک August 16, 2021
عینی شاہدین کے مطابق طیارے سے گرنے والوں کی تعداد 3 ہے، فوٹو: ویڈیو گریب

کابل ایئرپورٹ پر کسی بھی صورت ملک چھوڑنے کے جنون میں مبتلا 2 نوجوان طیارے کے پہیوں سے چمٹ گئے اور دوران پرواز بلندی سے زمین پر گر کر ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں طالبان کے داخل ہونے اور صدارتی محل پر قبضے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں افغان شہری ملک چھوڑنے کے لیے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر جمع ہوگئے۔



شہری اضطراب اور جنونی کیفیت میں ایئرپورٹ سے پرواز بھرنے والے ہر طیارے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس دوران 2 نوجوان ایک c-17 طیارے کے پہیوں یا سامان رکھنے والے خانے کے دروازے سے چمٹ گئے۔

افغان شہری ایئرپورٹ میں داخل ہونے کیلیے دیوار پھلانگ رہے ہیں، فوٹو: رائٹرز افغان شہری ایئرپورٹ میں داخل ہونے کیلیے دیوار پھلانگ رہے ہیں، فوٹو: رائٹرز

طیارے نے زناٹے دار پرواز بھری اور دیکھتے ہی دیکھتے فضا میں بلند ہوگیا۔ اسی دوران دونوں نوجوان طیارے سے ایئرپورٹ کے قریب بنے گھر کی چھت پر گر کر ہلاک ہوگئے۔ حادثے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہوگئی۔



عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارے سے گرنے والے نوجوانوں کی تعداد 2 نہیں 3 ہے تاہم اس کی تصدیق ہونا باقی ہے۔

دریں اثنا ایئرپورٹ پر افراتفری اور ہجوم کے رن وے پر زبردستی گھسنے کی کوشش کے دوران امریکی فوج کی فائرنگ سے 5 شہری ہلاک ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔