اشرف غنی تاجکستان میں نہیں تو اس وقت کون سے ملک میں ہیں

اشرف غنی نہ تو ہمارے ملک آئے اور نہ ہی ایسی کوئی درخواست کی ہے، تاجکستان


ویب ڈیسک August 16, 2021
طالبان کی کابل آمد کے بعد اشرف غنی ملک سے فرار ہوگئے تھے، فوٹو: فائل

افغان صدر اشرف غنی تاجکستان میں نہیں ہیں بلکہ تاجک حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر ایک اور اسلامی ملک کے لیے روانہ ہوئے تھے جہاں سے وہ امریکا چلے جائیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تاجکستان نے اشرف غنی کی ملک میں آمد یا ان کے طیارے کی تاجکستان کی فضائی حدود سے گزرنے کی سخت الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں زیر گردش ایسی خبریں اور اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

گزشتہ روز طالبان کے کابل کے گھیراؤ کرنے کے بعد افغان صدر اشرف غنی ملک سے فرار ہوگئے تھے اور دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ان کی جائے پناہ تاجکستان کا دارالحکومت دوشنبے ہے۔

یہ خبر پڑھیں : افغان صدر اپنے ہمراہ رقم سے بھری 4 کاریں اور ہیلی کاپٹر لے گئے

تاجکستان کی تردید کے بعد اب میڈیا رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغان صدر تاجکستان سے اجازت نہ ملنے پر خلیجی ریاست عمان چلے گئے اور وہاں سے امریکا جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم اس خبر کی تصدیق ہونا باقی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : جہاز پر لٹک کر افغانستان چھوڑنے کی کوشش میں 2 نوجوان گر کر ہلاک، ویڈیو وائرل

واضح رہے کہ اشرف غنی نے ملک چھوڑنے کے بعد اپنے فیس بک پیغام میں کہا تھا کہ خوں ریزی سے بچنے کے لیے مسلح طالبان سے جنگ کے بجائے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ کس ملک جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں