کورونا کے مزید 3974 کیسز رپورٹ 66 افراد جاں بحق

ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 6.91 فیصد ریکارڈ

ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 24 ہزار 639 ہو گئی فوٹو: فائل

پاکستان میں کورونا کے مزید 3974 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس وائرس نے 66 افراد کی جان لے لی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کی تشخٰص کے لیے 57 ہزار 460 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3974 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، اس طرح کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.91 فیصد رہی۔

ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 9 ہزار 274 ہوگئی ہے تاہم ان میں سے 9 لاکھ 96 ہزار 426 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز ملک میں اس وبا سے مزید 66 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، اس طرح ملک میں اس وبا سے مصدقہ اموات 24 ہزار 639 ہو گئیں.

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد 88 ہزار 209 ہے جن میں سے 4 ہزار 885 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔


کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔
Load Next Story