ابوالحسن اصفہانی روڈ پر دو گروپوں میں جھگڑےسے 1 شخص جاں بحق

پولیس نے ہنگامہ آرائی، قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے

مقتول محبوب کا کسی سیاسی یا مذہبی تنظیم سے کوئی تعلق سامنے نہیں آیا تاہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، پولیس (فوٹو:فائل)

ابوالحسن اصفہانی روڈ پر دو گروپوں میں جھگڑے کے دوران فائرنگ ، پتھراؤ اور ڈنڈوں کے وار سے ایک شخص جاں بحق جب کہ باپ اور بیٹے سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں صورت حال کشیدہ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹاؤن کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن کے قریب دو گروپوں میں جھگڑے کے دوران فائرنگ ، پتھراؤ اور ڈنڈوں کے وار سے ایک شخص جاں بحق جبکہ باپ اور بیٹے سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی تاہم پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پالیا۔

ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ابوالحسن اصفہانی روڈ سے سپر ہائی وے جانے والی سڑک پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا جس کے باعث عام شہریوں کو شدید مشکلات سامنا کرنا پڑا ۔


واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورت حال پر قابو پاتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے نجی و سرکاری اسپتال منتقل کیا، جہاں ایک شخص نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی جب کہ ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسمٰعیل میمن اور ایس ایس پی ایسٹ قمر جسکانی موقع پر پہنچ گئے۔

پولیس نے تنویر حسین کاظمی کی مدعیت میں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے کے تحت مقدمہ درج کر کے فائرنگ کرنے کے الزام میں عرفان نامی شخص کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ملنے والے نائن ایم ایم پستول کے 3 جب کہ 30 بور پستول کے ایک خول کو اور متعدد موٹر سائیکلوں کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

اس بارے میں ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ محبوب کے نام سے ہوئی ہے جس کا جھگڑے سے کوئی تعلق نہیں تھا اور شبہ ہے کہ دوطرفہ فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوا، مقتول اسی علاقے میں قائم مٹھائی کی دکان پر کام کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق مقتول محبوب کا کسی سیاسی یا مذہبی تنظیم سے کوئی تعلق سامنے نہیں آیا ہے تاہم پولیس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر رہی ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 55 سالہ کامران حسین جعفری، ان کا بیٹا 23 سالہ شاہ رخ حسین جعفری، 12 سالہ محسن ولد اکمل، 30 سالہ ارسلان ولد ذاکر اور 40 سالہ معاذ مدنی ولد علی نواز شامل ہیں۔
Load Next Story