پی سی بی کو بھی کیویز کے ٹور کی فکر ستانے لگی

ستمبر میں سیریز کے حوالے سے دونوں بورڈز کے حکام میں رابطہ

 آئندہ ہفتے غیر جانبدار کنسلٹنٹ کو انتظامات پربریفنگ دی جائے گی فوٹو: فائل

پی سی بی کو بھی کیویز کے ٹور کی فکر ستانے لگی تاہم ستمبر میں سیریز کے حوالے سے دونوں بورڈز کے حکام میں رابطہ ہوا ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم پیر کو بنگلہ دیش روانہ ہورہی ہے، وہاں سیریز ختم ہونے کے بعد مہمان کرکٹرز3ون اور 5ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کیلیے پاکستان آئیں گے۔

گزشتہ دنوں مقامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ افغانستان میں طالبان کے کمان سنبھالنے پر پیدا ہونے والے صورتحال کو دیکھتے ہوئے کیوی کرکٹرز نے سیکیورٹی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔


پلیئرز ایسوسی ایشن کے سربراہ ہیتھ ملز نے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کے تحفظات قابل فہم ہیں، ان کو دور کرنے کیلیے ضروری کارروائی مکمل کرنا ہوگی،غیر جانبدار سیکیورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈیکاسن کو صورتحال کا بغور جائزہ لینے کیلیے 4یا 5دن درکار ہوں گے،ان کی رپورٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ٹور کرنے یا نہ کرنے یا شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو بھی ستمبر میں سیریزکی فکر لاحق ہے،اس حوالے سے دونوں بورڈز میں رابطہ ہوا ہے،این زیڈ سی نے رگ ڈیکاسن کو پاکستان بھجوانے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

گفتگو میں افغانستان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں باہمی سیریز پر تبادلہ خیال کیا گیا، پی سی بی نے کیوی بورڈ کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرا دی ہے،یہ بھی بتایا گیا کہ آئندہ ہفتے غیر جانبدار کنسلٹنٹ ریگ ڈیکاسن کو انتظامات پربریفنگ دی جائے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز کا پہلا ون ڈے 17ستمبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
Load Next Story