پاکستان سے ون ڈے میچزکیلیے افغان کرکٹرز کابل میں تیاریاں کرنے لگے جب کہ بورڈ نے ایک بار پھر سیریز پر خدشات کے تاثر کو مسترد کر دیا۔
افغانستان کو پاکستان کیخلاف اپنی ہوم ون ڈے سیریز کی میزبانی سری لنکا میں کرنا ہے،3میچز ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہمبنٹوٹا میں کھیلے جائیں گے،افغانستان میں طالبان کے کمان سنبھالنے پر سیریز پر شکوک کے سائے منڈلانے لگے تھے مگر اب صورتحال بہتر لگتی ہے۔
افغان کرکٹرز نے کابل میں ٹریننگ کا آغاز بھی کردیا،بورڈ نے دارالحکومت میں کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اسکواڈ کی جلد روانگی کا امکان ظاہر کیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں اے سی بی نے سابق سری لنکن اوپنر اویشکا گونا وردنے کا بطور بیٹنگ کوچ تقرر کیا تھا،کرپشن الزامات سے کلیئر ہونے کے بعد یہ ان کی پہلی مصروفیت ہوگی۔
دوسری جانب گذشتہ روز کابل ایئرپورٹ عام پروازوں کیلیے کھلنے کے بعد اسکواڈ کی سری لنکا روانگی کا امکان روشن ہوگیا، لاجسٹک مسائل کی وجہ سے شیڈول میں تھوڑی بہت تبدیلی بھی ہوسکتی ہے۔
دریں اثناء پی سی بی نے افغانستان سے ون ڈے سیریز کے لیے تربیتی کیمپ 21 سے 28 اگست تک لاہور میں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شریک کھلاڑیوں کو بائیو ببل میں رکھتے ہوئے کورونا ٹیسٹنگ کی جائے گی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24اگست کو ختم ہوگا، وہاں سے واپس آنے والے پلیئرز کو لاہور میں ٹریننگ کا بہت کم موقع ملے گا، پی سی بی افغانستان کی جانب سے سیریز کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کیے جانے کا منتظر ہے۔