باطل بظاھر جتنا بھی عروج پر ہو اس نے بالآخر مٹنا ہوتا ہے وزیراعظم

حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے، عمران خان


ویب ڈیسک August 19, 2021
حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امام عالی مقام کی شہادت ایسا المناک اور درد انگیز واقعہ ہے کہ اُمت صدیاں گذرنے کے باوجود اُن کی شہادت پر آج بھی افسردہ اور غم ناک ہے۔

عمران خان نے یوم عاشورہ پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالٰی عنہ نے جب ظلم کو ماننے سے انکار کردیا تو آپ کو رفقاء سمیت میدان کربلا میں شہید کردیا گیا۔ امام عالی مقام نے شہادت قبول فرمائی لیکن ظلم اور جبر کے سامنے سر نہ جھکایا اور نہ ہی یزید کی حکومت کو تسلیم کیا، انہوں نے اپنے اسوۂ سے یہ ثابت کردیا کہ حق وباطل کے معرکہ میں انسان کو ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیے اور قربانی دینے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسوۂِ شبیری باطل سے ٹکراؤ کا استعارہ بن چکاہے اور بہادری کا وہ مینار ہے جہاں سے ہمیشہ کے لیے ظلم وتشدد کے خلاف اٹھنے والی تحریکیں روشنی حاصل کرتی رہیں گی۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم ہر دور میں سچ اور انصاف کا ساتھ دیں جھوٹ اور مکر وفریب کی ہر چال کو ناکام کریں۔ دینِ اسلام کے جن اصولوں کی خاطرحضرت امام حسینؓ نےآلِ رسولﷺ کی شہادت پیش کی ان اصولوں کی علمبرداری کے لیے ہم بھی قربانی پیش کرنے سے کبھی پیچھے نہ ہٹیں۔ شہادت حضرت امام حسینؓ کا یہ پیغام ہے کہ باطل بظاھر جتنا بھی عروج پر ہو اس نے بالآخر مٹنا ہوتا ہے اور حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم ملک وملت کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں