ڈبل سواری پر پابندی ٹارگٹ کلر آزاد 2 بھائیوں سمیت 6 قتل

اورنگی ٹاؤن میں دکاندار بھائیوں پر ڈکیتی میں نامزد ملزمان کا دوسرا حملہ جان لیوا ثابت ہوا


Staff Reporter January 28, 2014
اسلامیہ کالونی پراچہ چوک کےقریب فائرنگ سے جاں بحق ہونےو الے دو سگے بھائیوں کی لاشیں عباسی شہید اسپتال میں رکھی ہوئی ہیں۔فوٹو:راشد اجمیری/ایکسپریس

حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر لگائی گئی پابندی ہمیشہ کی طرح بے سود ثابت ہوئی اور پیر کو 6 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، مرنے والوں میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

بن قاسم ٹائون میں اہلسنت و الجماعت کے علاقائی رہنما پر حملہ کیا گیا جس میں وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ پیرآباد کے علاقے اسلامیہ کالونی میں پیر کی صبح موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے دکان پر فائرنگ کرکے 2 سگے بھائیوں محمد ریاض اور ابراہیم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ایس ایچ او پیرآباد معید نے ایکسپریس کو بتایا کہ دونوں بھائی اپنی کریانے کی ہول سیل کی دکان پر بیٹھے تھے کہ ملزمان آئے اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، اس سے قبل 2004 میں بھی اسی دکان پر ڈکیتی ہوئی تھی جس پر دونوں بھائیوں نے نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا تھا، 2011 میں بھی انہی ملزمان کے ساتھیوں نے دکان پر فائرنگ کی تاہم دونوں بھائیوں کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم مارا گیا تھا جبکہ ایک ملزم ہارون کو گرفتار کرلیا گیا، گزشتہ روز کا واقعہ بھی انہی واقعات کا تسلسل ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان دعویٰ خان کے مطابق مقتولین ان کی جماعت کے کارکن اور پارٹی کے صوبائی عہدیدار حاجی اقبال کے بڑے بھائی ہیں، انھوں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ شاہ لطیف ٹائون کے علاقے جام کندو گوٹھ میں پلیہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزما ن کی فائرنگ سے مویشیوں کا بیوپاری 35 سالہ عبدالغنی ہلاک جبکہ عبدالصمد زخمی ہوگیا، ایس ایچ او شاہ لطیف ٹائون فاروق ستی نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک و زخمی ہونے والے کوئٹہ سے مویشی لے کر آرہے تھے کہ پلیہ پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ بلدیہ ٹائون کے علاقے اتحاد ٹائون میں گھر کے اندر فائرنگ سے 45 سالہ میر باز خان ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او اتحاد ٹائون عنایت اللہ ناریجو نے ایکسپریس کو بتایا کہ واقعے کے وقت مقتول ایک خاتون کے گھر آیا ہوا تھا، اچانک ایک ملزم گھر میں آیا اور فائرنگ کرکے فرار ہوگیا۔

 photo 1_zps7e844ff6.jpg

کلاکوٹ کے علاقے لیاری گل محمد لین پوسٹ آفس کے سامنے موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے 22 سالہ شاہ رخ کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لی جایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے شاہ رخ کو تعاقب کے بعد فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا، مقتول چاکیواڑہ نمبر2 کا رہائشی تھا تاہم فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا کہ مقتول کا تعلق گینگ وار سے ہے یا اسے کسی اور وجہ پر قتل کیا گیا ہے۔ پاپوشنگر کے علاقے ناظم آباد میں 30 سالہ عظمیٰ زوجہ فرحان کو نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے، ایس ایچ او رضوان پٹیل کا کہنا ہے کہ واقعہ کا پتہ اس وقت چلا جب مقتولہ کا شوہر کام پر سے گھر آیا جبکہ واردات کے وقت خاتون گھر پر اکیلی تھی، مقتولہ کا شوہر چاندی کا کام کرتا ہے۔

نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے خمیسو گوٹھ میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر سرجانی ٹاؤن تھانے کے سب انسپکٹر خان محمد کو سر پر ٹی ٹی کے بٹ مار کر لہو لہان کر دیا، نقدی اور موبائل چھین کر فرار ہوگئے۔ بن قاسم ٹائون کے علاقے بھینس کالونی موڑ پر نامعلوم افراد نے ڈاکٹر دائود احمد عثمانی پر فائرنگ کردی تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے، اہلسنت و الجماعت کے ترجمان امیر معاویہ نے بتایا کہ ڈاکٹر دائود احمد عثمانی ان کی جماعت کے ضلع ملیر کے جنرل سیکریٹری ہیں، انھوں نے واقعے کی بھرپور مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 15 تھورانی گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شہباز نامی شخص زخمی ہوگیا ، پولیس واقعے کوذاتی رنجش کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اورنگی ٹائون کے علاقے طوری بنگش میں 26 سالہ شہباز، اورنگی ٹائون کے ہی علاقے 15 نمبر پر 30 سالہ صابر اور 28 سالہ دلشاد، کلری کے علاقے نیازی چوک پر 23 سالہ راحیل، سخی حسن کے قریب 35 سالہ محمد شاہد زخمی ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں