پی ڈی ایم کا حکومتی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے اور جلسوں کا اعلان

پی ڈی ایم کا اجلاس، حکومت مخالف جلسوں کا شیڈول طے، کراچی میں 29 اگست کو جلسے کا اعلان


ویب ڈیسک August 21, 2021
پی ڈی ایم ایک ایسا فورم ہے جو پاکستان میں آئین کی بالادستی کی بات کرتا ہے، شاہد خاقان (فوٹو : فائل)

پی ڈی ایم نے حکومت کی تین سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے اور حکومتی مخالف جلسے شروع کرنے کا اعلان کردیا جس کے تحت 29 اگست کو کراچی میں جلسہ کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس (ن) لیگ سیکریٹریٹ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

کمیٹی نے حکومت مخالف تحریک کے آئندہ مراحل اور ملک گیر جلسوں پر تفصیلی مشاورت کی اور ملک گیر جلسوں کا شیڈول طے کرلیا جب کہ میثاق پاکستان کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کمیٹی قائم کردی۔

شاہد خاقان عباسی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفارشات حتمی منظوری کے لیے 28 اگست کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی بعد ازاں 29 اگست کو کراچی میں پی ڈی ایم کے تحت جلسہ منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص کارکردگی کو تین سال پورے ہوگئے، پی ڈی ایم حکومتی تین سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرے گی جس کا مقصد حکومت کی نااہلیت کو سامنے لانا ہے۔

طالبان کو خوش آمدید کہنا مولانا کا ذاتی فیصلہ ہے ہمارا نہیں، شاہد خاقان

مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ طالبان کو خوش آمدید کہنا مولانا فضل الرحمان کا ذاتی معاملہ یا ان کی جماعت کا فیصلہ ہے پی ڈی ایم کا نہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت طالبان سے متعلق پالیسی کے لیے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے اور ایک پالیسی پارلیمان کے ذریعے بنائی جائے، پی ڈی ایم کا یہ ایجنڈا ہے کہ ملک کو آئین اور قانون کے تحت چلایا جائے، تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کی یک طرفہ الیکشن اصلاحات کو مسترد کرتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا مقصد ووٹ کی چوری کو سہارا دینا ہے۔

پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا پر پابندی عائد کر رہی ہے، ہم میڈیا کی آزادی سلب کرنے کی حکومتی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں