مدرسے کے مہتمم پر بچی پر مبینہ تشدد اور ہراسانی کا مقدمہ درج

بچی کو نشہ آور چیز پلاکر مہتمم مدرسہ اس کے ساتھ کیا کرتا رہا بچی کو معلوم نہیں، متاثرہ بچی کی والدہ کا بیان


ویب ڈیسک August 22, 2021
مہتمم مدرسہ اور خاتون استاد نے بچی کو زبان کھولنے پر گھر کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی ہے، ایف آئی آر کا متن۔ فوٹو:فائل

تھانہ پیر ودہائی میں واقع مدرسے کے مہتمم نے مبینہ طور پر بچی کو تشدد کا نشانہ بنایا او متعدد بار ہراساں کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ پیرودہانی کے علاقے میں مدرسے میں زیر تعلیم بچی کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا جب کہ مدرسے کے مہتمم نے بچی کو ہراساں بھی کیا، متاثرہ بچی کی والدہ نے تھانہ پیر ودہائی میں ایف آئی آر درج کرادی ہے، تاہم 5 روز گزرنے کے بعد بھی ملزمان گرفتار نہ کیے جاسکے۔

بچی کی والدہ نے بیان دیا کہ ہمیں مدرسے سے فون آیا کہ آپ کی بیٹی بے ہوش ہے، بچی کا بھائی طالبہ کو مدرسے سے گھر لایا تو بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے، مدرسے کا مہتمم طالبہ کو متعد دفعہ ہراساں کرچکا ہے، اور اس روز بھی ایک خاتون استاد بچی کو زبردستی مہتمم کے کمرے میں لے کر گئی، بچی کو نشہ آور چیز پلائی گئی تھی، مہتمم مدرسہ بچی کے ساتھ کیا کرتا رہا ہے اس حوالے سے بچی کو معلوم نہیں، جب کہ مہتمم مدرسہ اور خاتون استاد نے بچی کو زبان کھولنے پر گھر کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی ہے۔

وقوعے کا مقدمہ 17 اگست کو تھانہ پیر ودہانی میں بچی کی ماں کی مدعیت میں درج ہوا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے بعد ان کا ڈی این اے کرایا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں