سیرت النبی ﷺ ہی ہماری نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے وزیراعظم

معاشرتی مسائل کا بہترین حل سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات میں موجود ہے، عمران خان

نبی آخر الزماں ﷺکی سیرت کا سب سے اہم پہلو اخلاق و آداب اور حسن معاشرت ہے، عمران خان۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیرت النبی ﷺ ہی ہماری نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے، معاشرتی مسائل کا بہترین حل سیرت آلنبی ﷺ کی تعلیمات میں موجود ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس جاری ہے، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور قومی امور پر مشاورت جاری ہے، جب کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ اور اپوزیشن سے متعلق امور بھی زیر غور ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت کی 3 سالہ کارکردگی پر عوام کو اعتماد میں لینے سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا جارہا ہے اور حکومتی 3 سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کرنے پر مشاورت جاری ہے۔

یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس


دوسری جانب قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی وزیر اعظم زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا، وفاقی وزیر شفقت محمود، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، پارلیمانی سیکریٹری محترمہ وجیہہ اکرم اور وفاقی وزارت تعلیم کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے اجلاس کو نصاب تعلیم میں شامل سیرت آلنبی ﷺکی تعلیمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ضمن میں تمام مکاتب فکر خصوصا علماء کرام سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے، اساتذہ کی ٹریننگ اور امتحانات کے معیار پر توجہ دی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیرت آلنبی ﷺ ہی ہماری نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے، نبی آخر الزماں ﷺکی سیرت کا سب سے اہم پہلو اخلاق و آداب اور حسن معاشرت ہے، تمام معاشرتی مسائل کا بہترین حل سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات میں موجود ہے، تاریخ اسلام کے ساتھ ساتھ رسول اللہ ﷺکی حیات مبارکہ سے ماخذ سنہرے اصول بچوں کو پڑھائے اور سمجھائے جائیں، اور قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے عمل کو صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے جلد مکمل کیا جائے۔

 

 
Load Next Story