امریکی نائب صدر ایشیائی ممالک کے دورے پر سنگاپور پہنچ گئیں

امریکی نائب صدر نے سنگاپور کی صدر حلیمہ یعقوب اور وزیراعظم لی سے ملاقات کی


ویب ڈیسک August 23, 2021
امریکی نائب صدر نے سنگاپور کے وزیراعظم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی، فوٹو: رائٹرز

KARACHI: امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس افغانستان کی صورت حال کے تناظر میں ایشیائی ممالک کے دورے کے سلسلے میں سنگاپور پہنچ گئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے دورے پر سنگاپور پہنچ گئیں جہاں صدر حلیمہ یعقوب اور وزیرِ اعظم لی شین لوونگ سے ملاقات کی۔

نائب امریکی صدر نے سنگاپور کے وزیر اعظم کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ افغانستان سے انخلا کے تناظر میں کیا ہوا ہے اور کیوں ہوا ہے اس کا تجزیہ کرنے کے لیے کافی وقت ہوگا لیکن فی الحال ہماری پوری توجہ امریکی شہریوں، ہمارے لیے کام کرنے والے افغانیوں اور وہ افغانی جو کمزور ہیں جیسے خواتین اور بچوں کو وہاں سے نکالنے پر مرکوز ہیں۔

اس موقع پر سنگاپور کے وزیراعظم لی شین لوونگ نے امید ظاہر کی کہ افغانستان دوبارہ دہشت گردی کا مرکز نہیں بن جائے گا۔ خطے کے بارے میں امریکی عزم کا تعین امریکا کے آئندہ کے اقدامات سے ہوگا کہ وہ خطے میں خود کو کس طرح رکھتا ہے۔ اپنے دوستوں، شراکت داروں اور اتحادیوں کو وسیع تر مفاد میں کس طرح شامل کرتا ہے۔

امریکی نائب صدر کملا ہیرس سنگاپور کے بعد ویت نام بھی جائیں گی اور وہاں سے فلپائن جانے کا بھی ارادہ ہے۔ یہ کسی بھی امریکی نائب صدر کا ویت نام کا پہلا دورہ ہوگا۔

قبل ازیں امریکی نائب صدر کی ترجمان سیمون سینڈرز نے میڈیا کو بتایا کہ دورے میں افغان امور، سیکیورٹی، کورونا، ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تغیرات سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن، ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں تعلقات کی خرابی کو بحال کرنے اور چین کے خلاف اتحاد بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور اسی سلسلے میں کملا ہیرس ویت نام بھی جارہی ہیں۔

گزشتہ ماہ امریکی وزیر دفاع بھی سنگاپور، ویت نام اور فلپائن کا دورہ کرچکے ہیں اور امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن بھی رواں ماہ کے آغاز میں 10 رکنی جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم ''آسیان'' کے سالانہ اجلاس سے ورچوئل خطاب کر کے تعلقات کی بحالی کی روا ہموار کر چکے ہیں۔

امریکا کی ان تمام کاوشوں کا مقصد خطے میں چین کے اثر و نفوذ کو کم کرنا ہے جو امریکا کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں