اسٹاک ایکس چینج میں تیزی انڈیکس دو ماہ بعد 48 ہزار پوائنٹس کی سطح پر

تیزی کے سبب 67 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں، حصص کی مالیت میں 89 ارب 93 کروڑ کا اضافہ


Staff Reporter August 23, 2021
تیزی کے سبب 67 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں، حصص کی مالیت میں 89 ارب 93 کروڑ کا اضافہ (فوٹو : فائل)

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی آنے کے سبب دو ماہ بعد انڈیکس کی 48 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بحال ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے پیر اور منگل کی درمیانی شب 2.8 ارب ڈالر کا سستا قرضہ موصول ہونے کی اطلاعات، افغانستان میں بہتر حالات کی وجہ سے خطے کی صورتحال بہتر ہونے اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی توقعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی جس سے دو ماہ کے وقفے کے بعد انڈیکس کی 48000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بحال ہوگئی۔

تیزی کے سبب 67 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 89 ارب 93 کروڑ 19 لاکھ 25 ہزار 210 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ آنے والے ریزلٹ سیزن، کورونا کے نئے کیسز میں کمی نے سرمایہ کاروں میں اعتماد کی فضاء بحال کی۔

کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی اور ایک موقع پر 546 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی۔

نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 512.39 پوائنٹس کے اضافے سے 48112.21 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 234.41 پوائنٹس کے اضافے سے 19337.45 ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1171.89 پوائنٹس کے اضافے سے 78521.49 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 359.62پوائنٹس کے اضافے سے 23690.32پر بند ہوا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 33 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 39 کروڑ 76 لاکھ 96 ہزار 788 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 494کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 331 کے بھاؤ میں اضافہ 144 کے داموں میں کمی اور 19 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں رفحان میظ کے بھاؤ 300 روپے بڑھ کر 10000 روپے اور یونی لیور فوڈز کےبھاؤ 260.01 روپے بڑھ کر 17560 روپے ہوگئے جبکہ باٹا پاکستان کےبھاؤ 88.41 روپے کر 1660 روپے اور کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ 64.75 روپے گھٹ کر 2715.25 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |