معافی دیدی تو کابل سے روانگی کیوں طالبان نے پی آئی اے کی 3 پروازیں روک دیں

طالبان کا موقف ہے کہ جب لوگوں کو عام معافی کا اعلان کردیا تو پھر ان افراد کے روانہ ہونے کا کوئی جواز نہیں بنتا، ذرائع


Staff Reporter August 23, 2021
طالبان کا موقف ہے کہ جب لوگوں کو عام معافی کا اعلان کردیا تو پھر ان افراد کے روانہ ہونے کا کوئی جواز نہیں بنتا، ذرائع (فوٹو : فائل)

پی آئی اے کا کابل فضائی آپریشن التوا کا شکار ہوگیا، طالبان نے کابل سے افغان باشندوں کو نکالنے کی یورپی یونین کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پی آئی اے کی تین پروازوں کو ان مسافروں کو لے جانے سے روک دیا۔

ایکسپریس کے مطابق قومی ائرلائن کا افغانستان کے لیے فلائٹ آپریشن پیر کو منسوخ ہوگیا، کابل کے لیے پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے تین پروازیں روانہ کرنے کا پلان ترتیب دیا گیا تھا۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی آپریشن کچھ تکنیکی وجوہات کی بنا پرعارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یورپی یونین نے پی آئی اے حکام سے جن مسافروں کے فضائی سفر کے لیے درخواست کی ہے وہ تمام کے تمام افغان شہری ہیں۔ فضائی آپریشن کے تحت ان مسافروں کو کابل سے پاکستان آنا تھا بعد ازاں انھیں یورپ اور امریکا روانہ ہونا تھا تاہم طالبان کی جانب سے ان مسافروں کو فضائی سفر کی اجازت نہیں دی جارہی۔

اس حوالے سے طالبان کا موقف ہے کہ جب انھوں نے عام معافی کا اعلان کردیا تو پھر ان افراد کے روانہ ہونے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تمام ترصورتحال میں پی آئی اے کا پاکستان سے کابل کے لیے فضائی آپریشن اگلے کئی روز تک التوا کا شکار ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں