ریڑھی گوٹھ سے مغوی کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد

مقتول کو کسی نے فون کر کے بلایا تھا، واقعہ زاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، پولیس

مقتول کو کسی نے فون کر کے بلایا تھا، واقعہ زاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، پولیس۔ (فوٹو: فائل)

ISLAMABAD:
لانڈھی ریڑھی گوٹھ سے مغوی کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کیا، مقتول موچکو نیول کالونی کا رہائشی تھا جس کی علاقے میں اسٹیشنری کی دکان تھی

تفصیلات کے مطابق سکھن کے علاقے لانڈھی ریڑھی گوٹھ سے ایک شخص کی لاش ملی، اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش ایدھی کے رضا کاروں کی مدد سے جناح اسپتال منتقل کی۔ اس حوالے سے ایس ایچ او لانڈھی اخلاق احمد نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 35 سالہ عارف زمان ولد زمان بنگش کے نام سے ہوئی جو کہ موچکو کے علاقے نیول کالونی کا رہائشی تھا جہاں اس کی اسٹیشنری کی دکان تھی۔


پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول کو اغوا کے بعد ریڑھی گوٹھ لا کر قتل کیا گیا ہے، جائے وقوعہ سے پولیس کو نائن ایم ایم پستول کے 4 خول اور 2 گولیاں ملی ہیں، مقتول کو سینے، پیٹ اور ران پر گولیاں ماری گئیں۔ مقتول کے ہاتھ اور پاؤں پر رسی باندھنے سے پڑنے والے نشانات بھی پائے گئے ہیں جس سے شبہ ہے کہ ملزمان نے اغوا کے بعد عارف زمان کو کسی مقام پر ہاتھ پاؤں باندھ کر رکھا تھا اور بعدازاں مذکورہ مقام پر لاکر اسے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

مقتول کی جیب میں 17 ہزار روپے نقد، شناختی کارڈ اور موبائل فون بھی ملا ہے تاہم ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ مقتول کو کسی نے فون کر کے بلایا تھا واقعہ زاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

مقتول کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ عارف زمان پیر کی صبح 11 بجے دکان بند کر کے نکلا تھا جس کے بعد لاپتہ ہوگیا تاہم پولیس مقتول کے موبائل فون کا ڈیٹا مرتب کرتے ہوئے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
Load Next Story