تارکین وطن کے لیے 8 برس بعد ’’نارا‘‘ کارڈ کا پراسیس شروع

تارکین وطن اب بینک اکاؤنٹ، موبائل سم، ڈرائیونگ لائسنس اور یوٹیلٹی کنکشنز کی سہولت حاصل کرسکیں گے


ویب ڈیسک August 24, 2021
15 دن بعد پہلا نارا کارڈ پرنٹ ہوکر شہری کو مل جائے گا (فوٹو: فائل)

ملک میں رہنے والے تارکین وطن کے لیے 8 سال بعد نارا کارڈ کا پراسیس شروع کردیا گیا، تارکین وطن اب بینک اکاؤنٹ، موبائل سم، ڈرائیونگ لائسنس اور یوٹیلٹی کنکشنز حاصل کرنے سمیت اپنے بچوں کو نویں کلاس سے اوپر تعلیم بھی دلاسکیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تارکین وطن کو 8 برس کے وقفے کے بعد نارا کارڈ کا اجرا شروع ہوگیا، آج 8 سال بعد اورنگی کے رہائشی کا نارا رجسٹریشن کارڈ کا پراسیس کردیا گیا جسے اب 15 دن بعد پہلا نارا (نیشنل ایلین رجسٹریشن اتھارٹی) کارڈ پرنٹ ہوکر مل جائے گا۔

نیشنل ایلین رجسٹریشن اتھارٹی کے پاس اس وقت 1 لاکھ 20 ہزار لوگوں کا ڈیٹا موجود ہے۔ نارا کارڈ کے حصول کے بعد تارکین وطن کے بچوں کو 9ویں کلاس سے اوپر تعلیم کا حصول ممکن ہوجائے گا۔ بینک اکاؤنٹ اور موبائل سم کا حصول بھی نارا کارڈ کے ذریعے ممکن ہوگا۔

نارا کارڈ کے حامل افراد یوٹیلیٹی کنکشن اور ڈرائیونگ لائسنس بھی حاصل کرسکیں گے، کورونا ویکیسین کے حصول کے لیے بھی نارا کارڈ اہم ہوگا، شہر بھر کے تمام ڈسٹرکٹ میں ایک ایک نارا مرکز بنایا گیا ہے، کراچی کے تینوں نادرا میگا سینٹرز میں بھی نارا کارڈ کا پراسیس کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 13 اگست کو نارا ہیڈ کوارٹر میں ایلین شناختی کارڈ اور ورک پرمٹ کارڈ کے اجراء کا افتتاح کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔