نیا پی سی بی چیئرمین جاوید میاں داد رمیز راجہ کے حق میں سامنے آگئے

کرکٹ میں بہتری کے لیے وزیراعظم دیگر سابق کرکٹرز کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھائیں


Sports Reporter August 24, 2021
کرکٹ میں بہتری کے لیے وزیراعظم دیگر سابق کرکٹرز کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھائیں (فوٹو : فائل)

CAIRO: سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ رمیز راجہ کو پی سی بی کا چیئرمین بنانے سے پاکستان کی کرکٹ مزید بہتر ہوسکتی ہے، کرکٹ میں بہتری کے لیے وزیراعظم دیگر سابق کرکٹرز کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھائیں۔

ماضی میں پی سی بی میں ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے کرکٹر جاوید میاں داد نے سوشل میڈیا پر دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے رمیز راجہ کو بورڈ کا چیئرمین بنانے کا بہترین فیصلہ کیا ہے تاہم عمران خان کو چاہیے کہ وہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز کی بھی خدمات سے فائدہ اٹھائیں اور ماضی کے اچھے کھلاڑیوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کریں۔

جاوید میانداد نے کہا کہ رمیز راجہ کو پی سی بی کا سربراہ بنائے جانے سے پاکستان کی کرکٹ بلندی کی طرف بڑھ سکتی ہے، رمیز راجہ بطور کرکٹر بہت محنتی اور بھرپور پریکٹس کرنے والے شخص تھے جو اپنے سینئرز سے مشاورت بھی کیا کرتے تھے، کرکٹ ان کے خون میں شامل ہے، کرکٹ کھیلنے والے گھرانے تعلق رکھنے والے رمیز راجہ بہت باشعور ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں جاوید میانداد نے کہا کہ بورڈ کا سربراہ بنائے جانے کے بعد بھی اگر رمیز راجہ بطور کرکٹ کمنٹیٹر اپنے کیریئر کو جاری رکھنا چاہیں تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں، لیکن پاکستان کرکٹ سے جڑ جانے کے بعد ان کو صرف ایسے ٹیسٹ میچز میں کمنٹری کرنی چاہیے جس میں پاکستان شریک نہ ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔