پاکستان میں ٹی ٹی پی کو دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے شیخ رشید

پاکستان نے امریکا کا اتحادی ہونے کی بھاری قیمت چکائی ہے، وفاقی وزیر داخلہ


ویب ڈیسک August 25, 2021
افغانستان کی صورتحال پر بھارت کا پریشان ہونا لازمی امر ہے، شیخ رشید فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو ملک میں دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے امریکا کا اتحادی ہونے کی بھاری قیمت چکائی ہے۔ افغانستان کا مسئلہ افغان عوام کا مسئلہ ہے، پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلےمیں ملوث نہیں، پاکستان دنیا کے ساتھ کھڑا ہے، افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے، طالبان نےعام معافی کا اعلان کیا ہے جو مثبت اقدام ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان پر مہاجرین کا کوئی بوجھ نہیں، افغانستان سے کاروباری راستے کھلے ہیں اور باہمی تجارت میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اب تک ہم افغانستان سے 2528 افراکو لا چکےہیں، 1500 افغانی طورخم بارڈ ر سے آئے جب کہ 1100 طورخم بارڈر سے واپس گئے ہیں، طالبان نے یقین دلایا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، ٹی ٹی پی کو پاکستان میں دہشتگردی کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں دہشتگردی کروائی، بھارت کو افغانستان میں منہ کی کھانی پڑی، افغانستان کی صورتحال پر بھارت کا پریشان ہونا لازمی امر ہے، بھارت میں جو صف ماتم بچھی ہوئی ہے، اس کا ساری دنیا کو احساس ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان دس سال آگے جب کہ اپوزیشن دس سال پیچھے کی سوچ رکھتی ہے، پی ڈی ایم میں مزید طاقت نہیں ،ان کو الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے، صرف مولانافضل الرحمان کو افغانستان کی صورتحال کا ادراک ہے لیکن پی ڈی ایم کے باقی کھلاڑی انڈر نائنٹین ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے نے 1122کے لیے پیسے دے دیئے ہیں، اسلام آباد میں سیکیورٹی سے متعلق 8 ڈرون خریدے گئے ہیں، شہر میں ایک ہزار 92 کیمرے لگانے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں