منوج باجپائی نے کمال آر خان کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروادیا

کمال آر خان نے اپنے ٹوئٹ میں منوج باجپائی کو بدنام کیا ہے، وکیل کا الزام


ویب ڈیسک August 25, 2021
میں زندگی میں فالتو نہیں ہوں لہذا میں ویب سیریز نہیں دیکھتا، کمال آر خان فوٹوفائل

WASHINGTON DC: بالی ووڈ اداکار منوج باجپائی نے اداکار، پروڈیوسر اور فلمی ناقد کمال رشید خان المعروف کمال آر خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقدمہ اندور میں منوج باجپائی کے خلاف مبینہ طور پرتوہین آمیز ٹوئٹس کرنے پر درج کیا گیا ہے۔ اداکار منوج باجپائی کے وکیل کا کہنا ہے کہ منوج باجپائی کے خلاف کے آر کے نے توہین آمیز ٹوئٹس 26 جولائی کو کی تھی جس میں 52 سالہ اداکار کو بدنام کیا گیا تھا اور مداحوں کے سامنے ان کی ساکھ کو داغدار کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان نے کے آر کے کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروادیا

انہوں نے کے آر کے کی جانب سے کی جانے والی ٹوئٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ کمال آر خان نے ٹوئٹر پر ایک سوشل میڈیا صارف کی جانب سے منوج باجپائی کی ویب سیریز ''فیملی مین 2'' کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں کہا تھا ''میں زندگی میں فالتو نہیں ہوں، لہذا میں ویب سیریز نہیں دیکھتا۔ بہتر ہوگا کہ آپ کامیڈین سنیل پال سے اس بارے میں پوچھیں۔ کے آر کے نے صارف کو جواب دیتے ہوئے مزید کہا تھا لیکن آپ کو کیوں ایک چرسی منوج کو دیکھنا پسند ہے؟''

دوسری جانب منوج باجپائی ذاتی طور پر اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 500 کے تحت کے آر کے کے خلاف فوجداری شکایت درج کروائی۔

یہ بھی پڑھیں: راکھی ساونت کمال آر خان پر برس پڑیں

واضح رہے کہ کمال آر خان اکثر اپنے ٹوئٹس اور یوٹیوب ویڈیوز میں بالی ووڈ اداکاروں پر تنقید کرتے نظرآتے ہیں۔ کچھ ماہ قبل بالی ووڈ کے سلو میاں نے بھی فلم ''رادھے، یور موسٹ وانٹڈ بھائی'' کا ریویو کرنے پر کے آر کے کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ کیونکہ اپنے ریویو میں کمال آر خان نے سلمان خان کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے کے ساتھ ان کی ذات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔