وزیر اعظم نواز شریف کی خیبر پختونخوا حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

وقت کا تقاضا ہے کہ صوبائی حکومتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز دہشت گردی کے خطرے کے خلاف متحد ہوں، نواز شریف


/Online January 28, 2014
خیبرپختونخوا كو بھی ملک كا حصہ سمجھ کر پنجاب كی طرح برابری كا سلوک كیا جائے،پرویزخٹک فوٹو:آن لائن

وزیر اعظم نوا شریف سے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاق صوبہ خیبر پختونخواکی حکومت کی دہشت گردی سمیت تمام مسائل پر قابو پانے میں مدد فراہم کرے گی۔

ایوان وزیر اعظم میں وزیراعظم نواز شریف سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ملاقات کی اور انہیں صوبے كے درپیش مسائل كے علاوہ گزشتہ روز اسلام آباد میں خیبرپختونخوا كے اركان پارلیمنٹ كے اجلاس میں پیش كردہ قراردادوں اور مطالبات سے بھی آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت بجلی منافع پر ''كیپ'' كا خاتمہ کرے اور صوبے سے حاصل شدہ پن بجلی كا منافع اے جی این قاضی فارمولا یا مصالحتی وتیکنیکی كمیٹی كے مسلمہ فارمولے كے تحت پیداوار اور نرخوں كے مطابق بڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے حاصل ہونے والے تیل وگیس کے ذخائر پر صوبے كے عوام كا پہلا حق تسلیم كرتے ہوئے ہماری ضرورت كو ترجیح دی جائے اور صوبے کے تھرمل بجلی گھروں كو گیس كی مطلوبہ مقدار مہیا كی جائے۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا كو بھی ملک كا حصہ سمجھ کر پنجاب كی طرح برابری كا سلوک كیا جائے تاكہ یہاں كے عوام كا احساس محرومی ختم ہو۔ انہوں نے صوبائی حكومتوں كی سطح پر بہتر باہمی تعلقات كی ضرورت پر زور دیتے ہوئے كہا كہ اس كا عوام كو براہ راست فائدہ پہنچنے كے علاوہ قومی سطح پر بھی اچھا پیغام جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کو دہشت گردی کے خلاف جن مشکلات کا سامنا ہے وفاقی حکومت اس سے بخوبی آگاہ ہے اور وفاق صوبائی حکومت کی دہشت گردی سمیت تمام مسائل پر قابو پانے میں مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ صوبائی حکومتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز دہشت گردی کے خطرے کے خلاف متحد ہوں اور مل کر ملک میں امن قائم کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں