قومی اسمبلی کے اجلاس سے وزیراعظم نوازشریف کی مسلسل غیر حاضری پر اپوزیشن کا احتجاج بالاخر رنگ لے آیا اور وزیراعظم آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ اس موقع پر امکان ہے کہ وزیراعظم ملکی سیکیورٹی معاملات کے حوالے سے پالیسی بیان دیں ، وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے اراکین کو اجلاس میں شریک ہونے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ 27 جنوری کو اپوزیشن نے وزیراعظم کی ایوان سے مسلسل غیر حاضری کے خلاف اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے نوازشریف صرف ایک جماعت کے وزیر اعظم ہیں اور ہماری آنکھیں ان کو ایوان میں دیکھنے کو ترس گئیں جبکہ چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایوان سے مسلسل غیرحاضری پر وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قوم کو اس وقت لیڈر شپ کی ضرورت ہے لیکن افسوس کہ وزیراعظم ایوان میں موجود نہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی رکن قومی اسمبلی ایوان سے مسلسل 40 روز تک غیر حاضر رہے تو اس کی نشست خالی قراردے دی جاتی ہے لہٰذا وزیراعظم کی نشست قانون کے مطابق خالی قرار دی جائے۔